لائف اسٹائل

جویریہ اور سعود کا سلمیٰ ظفر کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

چند دن قبل اداکارہ سلمیٰ ظفر نے اداکار جوڑے پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔
Welcome

چند دن قبل 24 جولائی کو سینئر اداکارہ سلمیٰ ظفر کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے اداکارہ جویریہ اور ان کے شوہر سعود پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

سلمیٰ ظفر نے 35 منٹ دورانیے کے ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ سعود اور جویریہ ان کے ایک کروڑ جب کہ عام ملازمین کے بھی ہزاروں روپے کھا گئے۔

سینئر اداکارہ نے سعود اور جویریہ پر پروڈکشن ہاؤس کے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک رکھے جانے کے الزامات بھی عائد کیے تھے اور بتایا تھا کہ وہ ملازمین کو کھانا بھی احسان کے طور پر کھلاتے تھے۔

اداکارہ نے الزام عائد کیا تھا کہ جویریہ اور سعود نے ماہانہ 7 ہزار روپے کی تنخواہ پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی تنخواہیں ادا نہیں کیں جب کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو 10 روز کے کام کے بدلے 4 دن کے پیسے دیے۔

ویڈیو میں انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ ان کے پاس جویریہ اور سعود کی کرپشن اور ان کی جانب سے ملازمین کے پیسے کھائے جانے کے شواہد موجود نہیں، تاہم وہ سچ بول رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ سلمیٰ ظفر کے سعود اور جویریہ پر سنگین الزامات

سلمیٰ ظفر نے سعود پر خواتین کی تضحیک کرنے اور ان پر خواتین کی کمائی کھانے کا الزام بھی لگایا تھا۔

سلمیٰ ظفر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اگرچہ اداکارہ جویریہ نے ان کے تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا تاہم اب انہوں نے اداکارہ کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان بھی کردیا۔

سلمیٰ ظفر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جویریہ نے اردو نیوز کے دیے گئے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سینئر اداکارہ کے پیسے بہت سال پہلے ہی کلیئر کر دیے تھے اور اگر انہوں نے پیسے نہیں دیے تو سلمیٰ ظفر نے 7 برس تک ان کے ساتھ کام کیوں کیا؟

جویریہ کے مطابق کچھ مہینے پہلے سلمیٰ ظفر نے انہیں کہا تھا کہ وہ ایک بہت اچھی پارٹی کے ساتھ بزنس شروع کر رہی ہیں اور انہوں نے انہیں بھی اس میں میں شامل ہونے کا کہا لیکن جویریہ نے انہیں منع کردیا۔

جویریہ نے دعویٰ کیا کہ جب سلمیٰ ظفر کے بہت اصرار پر بھی انہوں نے ساتھ کاروبار کرنے سے انکار کیا تو انہیں بہت بُرا لگا اور اس کے بعد ان کی یہ ویڈیو سامنے آگئی جس میں وہ ان پر الزامات لگا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: پیسے نہیں دیے تو سلمیٰ نے ہمارے ساتھ کام کیوں کیا؟جویریہ

سلمیٰ ظفر کے الزامات کو مسترد کرنے کے بعد اب جویریہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر اداکار سعود، اداکارہ سلمیٰ ظفر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے جا رہے ہیں۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ان کا پروڈکشن ہاؤس (جے جے پروڈکشن) اداکارہ سلمیٰ ظفر کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے پر قانونی کارروائی کرے گا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے پروڈکشن کے وکلا نے سلمیٰ ظفر کے بے بنیاد الزامات پر ان کےخلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کردیا۔

ساتھ ہی اداکارہ نے لکھا کہ ان کا پروڈکشن ہاؤس، وہ اور ان کے شوہر ان افراد کے خلاف بھی سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کریں گے، جنہوں نے کسی بھی تصدیق کے بغیر سلمیٰ ظفر کے الزامات کی ویڈیو شیئر کی۔

علاوہ ازیں اداکارہ نے ساتھ دینے پر میڈیا انڈسٹری کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جب اینجلینا جولی اور عدنان صدیقی نے ایک ساتھ وقت گزارا تھا

مصر: 5 خواتین سوشل میڈیا اسٹارز کو جیل بھیج دیا گیا

غربِ اردن: یہودی آباد کاروں کی مسجد نذرآتش کرنے کی کوشش