جب ایک ناظر کے ذریعے ٹی وی رپورٹر میں کینسر کی تشخیص ہوئی
دنیا میں تیز نظر رکھنے والوں کی کمی نہیں اور ایک ایسی ہی تیز نظر رکھنے والے ناظر کے ذریعے فلوریڈا کی ٹی وی رپورٹر کے تھائی رائیڈ کینسر میں مبتلا ہونے کی تشخیص ہوئی۔
یو پی آئی کی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایف ایل اے ٹی وی کی رپورٹر وِکٹوریا پرائس نے کہا کہ انہیں جون میں ایک ناظر کی ای میل موصول ہوئی جس میں انہوں نے رپورٹر کی صحت سے متعلق خدشات کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ناظر نے ان کے گلے پر گانٹھ کی نشاندہی کی اور درخواست کی کہ رپورٹر اپنا تھائی رائیڈ چیک کروائیں، کیونکہ ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا تھا اور بعد میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔
وکٹوریا نے کہا کہ اس کے بعد ان کے معالج نے چند ٹیسٹ کروائے اور انہیں کسی ماہر سے کنسلٹ کرنے کا مشورہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہر نے ان کے تھائی رائیڈ کینسر میں مبتلا ہونے کی تشخیص کی جو پھیل رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ چند روز میں ان کی سرجری ہوگی اور امید ہے کہ وہ جلد کام پر واپس آجائیں گی۔
ساتھ ہی ٹی وی رپورٹر نے کہا کہ انہوں نے اس ناظر کو ای میل کرکے ان کا بہت شکریہ ادا کیا کیونکہ وہ ہی ان کے کینسر کی تشخیص کی بنیادی وجہ بنے۔