انہوں نے بتایا ' 5 اگست کو گلیکسی ایونٹ میں 5 نئی طاقتور ڈیوائسز کو متعارف کرایا جائے گا اور آپ ان ڈیوائسز کے ساتھ زندگی کو بہتر طریقوں سے جی سکیں گے'۔
حالیہ ہفتوں میں سامنے آنے والی تفصیلات اور لیکس کے مطابق سام سنگ کی جانب سے 5 اگست کو 3 نئے فونز گلیکسی نوٹ 20، نوٹ 20 پلس اور نوٹ 20 الٹرا، ایک نئی اسمارٹ واچ اور وائرلیس ہیڈفون گلیکسی بڈز لائیو کو پیش کیا جائے گا۔
بلاگ میں ٹائی مون نے کمپنی کے موبائل ڈویژن کی 3 ترجیحات پر بات کی۔
ان کے مطابق پہلی ترجیح بامقصد تنوع ہے اور کمپنی نے ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر نمایاں سرمایہ کاری کی ہے، جس کا ثمر مستقبل قریب میں سامنے آئے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم موبائل ٹیکنالوجی کو مزید پرسنل، ذہین، کارآمد اور محفوظ بنارہے ہیں اور مستقبل قریب میں زیادہ فولڈ ایبل ڈسپلے فونز اور 5 جی ڈیوائسز کو تیار کیا جائے گا۔
انہوں نے سام سنگ کی مائیکرو سافٹ کی شراکت داری کا حوالہ بھی دیا جس سے عندیہ ملتا ہے کہ دونوں کمپنیاں آگے کے لیے مزید منصوبہ بندی کررہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا 'یہ اشتراک ایکس باکس کے ساتھ گیمنگ شراکت داری کے ذریعے مزید توسیع پائے گا'۔
تیسری ترجیح کے حوالے سے انہوں نے کہا 'کورونا وائرس کی وبا ایک مشکل ٹیسٹ ثابت ہوا، اس سے کافی کچھ بدلا اور مزید آپریشنز کے لیے مزاحمت پر کام کیا جارہا ہے'۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ریگولر گلیکسی نوٹ کے ڈیزائن کی ویڈیو لیک ہوکر سامنے آئی تھی۔
اسمارٹ فونز کی لیکس کے حوالے سے معروف ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے گلیکسی نوٹ 20 کے اسٹینڈرڈ ماڈل کی ویڈیو ٹوئٹ کی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس فون میں پنچ ہول سیلفی کیمرا اسکرین کے سینٹر میں موجود ہے جبکہ بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ریکٹینگولر موڈیول میں دیا گیا ہے۔
پہلے کہا جارہا تھا کہ ریگولر نوٹ 20 میں بیک میں 4 کیمرے دیئے جائیں گے مگر اس نئی لیک سے پتا چلتا ہے کہ 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا۔
ویڈیو میں والیوم اور پاور بٹن دائیں جانب موجود ہے اور زیادہ غور دینے پر ایس پین اسٹائلوس کو بائیں جانب جبکہ یو ایس بی سی پورٹ کو نیچے دیکھ سکتے ہیں۔
ایسا کہا جارہا ہے کہ اس بار سام سنگ کی جانب سے گلیکسی نوٹ 20 سیریز کے 3 فونز متعارف کرائے جاسکتے ہیں، جبکہ گزشتہ سال 2 ماڈل پیش کیے گئے تھے۔
اس بار گلیکسی نوٹ 20، نوٹ 20 پلس اور نوٹ 20 الٹرا کے نام سے 3 ماڈلز پیش کیے جانے کا امکان ہے اور تمام ماڈلز میں 5 جی سپورٹ موجود ہوگی۔
مختلف لیکس میں بتایا گیا تھا کہ گلیکسی نوٹ 20 لگ بھگ گلیکسی ایس 20 والے فیچرز سے ہی لیس ہوگا مگر اس میں زیادہ بڑی اسکرین اور ایس پین کا فرق ہوگا۔
مخلف افواہوں کے مطابق گلیکسی ایس 20 الٹرا میں 100 ایکس زوم موڈ کو گلیکسی نوٹ 20 سیریز کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔
ایسا بھی کہا جارہا ہے کہ گلیکسی نوٹ سیریز کے نئے فونز میں پہلی بار کروڈ کی بجائے فلیٹ ڈسپلے دیا جاسکتا ہے یا کم از کم ایک ماڈل میں ایسا ضرور ہوگا۔
سام سنگ کے فونز کے حوالے سے درست معلومات لیک کرنے والے ٹوئٹر صارف آئس یونیورس نے بتایا ہے کہ گلیکسی نوٹ 20 پلس میں 108 میگا پکسل کیمرا دیا جا ئے گا جبکہ ٹی او ایف سنسر کو لیزر فوکس کیمرے سے بدل دیا جائے گا جو مین کیمرے کو معاونت فراہم کرے گا۔
کیمرا سنسر میں گلیکسی ایس 20 الٹرا کی طرح سام سنگ برائٹ ایچ ایم 1 دیا جائے گا جبکہ پس منظر کا تجزیہ کرنے والے ٹائم آف فلائٹ کی جگہ لیزر فوکس سنسر دیا جائے گا۔
اسی طرح 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل بھی اس فون کا حصہ ہوگا جس میں سنسر کا حجم 1/2.55 ہوگا۔
پیری اسکوپ ٹیلی فوٹو لینس 13 میگا پکسل کا ہوگا جس میں 50 ایکس ہائبرڈ زوم ممکن ہوگا مگر اب سام سنگ 100 ایکس زوم کے لیے مزید کام کرنے کی خواہشمند نہیں۔
اس سے قبل لیکس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ گلیکسی نوٹ 20 پلس میں اپ ڈیٹڈ ایکسینوس 992 پراسیسر دیا جائے گا جبکہ کچھ ممالک میں اس فون میں اسنیپ ڈراگون 865 پراسیسر دیا جائے گا۔
ایسا بھی مانا جارہا ہے کہ اس فون میں 4300 ایم اے ایچ بیٹری دی جائے گی جبکہ 6.9 انچ ڈسپلے پنج ہول سیلفی کیمرے کے ساتھ دیا جائے گا۔
اس کے مقابلے میں گلیکسی نوٹ 20 میں ڈسپلے کا سائز 6.7 انچ دیئے جانے کا امکان ہے۔
دونوں فونز میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ، ایس پین اسٹائلوس، 16 جی بی ریم اور 25 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ دیئے جانے کا امکان ہے۔
جی ایس ایم ایرینا نے کورین میڈیا کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ سال گلیکسی نوٹ 10 کی قیمت ساڑھے 12 لاکھ کورین وان (ایک لاکھ 72 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ نوٹ 10 پلس کی قیمت ڈیڑھ لاکھ وان (2 لاکھ 7 ہزار روپے سے زائد) تھی۔
مگر گلیکسی نوٹ 20 اور نوٹ 20 پلس 50 0زاروان (لگ بھگ 7 ہزار پاکستانی روپے) سستے ہوں گے۔
اگرچہ یہ بہت زیادہ کمی نہیں مگر یہ ان اندازوں کے برخلاف ہے کہ 2020 کے ماڈلز گزشتہ سال کے مقابلے میں کچھ مہنگے ہوں گے۔
قیمت میں کی ممکنہ وجہ کووڈ 19 کی وبا کے باعث فونز کی مانگ میں کمی ہوسکتی ہے۔