کھیل

عابد علی پریکٹس میچ کے دوران بڑی انجری سے بال بال بچ گئے

آل راؤنڈر خوشدل شاہ تیسرے روز بیٹنگ کے دوران زخمی ہوکر تین ہفتوں کے لیے باہر ہوگئے ہیں، پی سی بی
|

قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز عابد علی انگلینڈ میں پریکٹس میچ کے دوران گیند لگنے کے باوجود بڑی انجری سے بچ گئے۔

ڈربی میں پاکستان ٹیم کے پریکٹس میچ کے دوران سلی پوائنٹ پر فیلڈنگ کے لیے کھڑے عابد علی کے ہیلمٹ پر حیدر علی کی جانب سے کھیلے گئے زوردار شاٹ کی گیند لگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عابد علی کچھ دیر کے لیے حواس کھو بیٹھے تھے تاہم انہیں گراؤنڈ میں ہی طبی امداد دی گئیں، اب وہ اب بہتر ہیں اور خطرے کی کوئی بات نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عابد علی کو اسٹریچر پر گراؤنڈ میں موجود ایمبولینس میں منتقل کیا گیا جہاں بائیوسیکور کے پیش نظر گراؤنڈ میں ہی میڈیکل کے تمام انتظامات موجود تھے۔

مزید پڑھیں:نسیم اور عباس کی عمدہ فارم، انگلینڈ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

قومی ٹیم کے ڈاکٹر سہیل کا کہنا تھا کہ 'عابد بالکل ٹھیک ہیں اور آرام کے بعد بدھ سے ٹریننگ شروع کریں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'احتیاطی طور پر سی ٹی اسکین بھی کیا گیا تھا جس کا نتیجہ بھی ٹھیک آیا ہے'۔

دوسری جانب پی سی بی کے مطابق نوجوان آل راؤنڈر خوشدل شاہ پریکٹس میچ کے دوران بائیں ہاتھ کا انگوٹھا زخمی ہونے پر تین ہفتوں کے لیے باہر ہوگئے۔

خوشدل شاہ بیٹنگ کرتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے تھے اور اس وقت جاری 4 روزہ پریکٹس میچ میں شامل نہیں ہوں گے۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ خوشدل شاہ 24 جولائی سے 27 جولائی کے درمیان ہونے والے 4 روزہ پریکٹس میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ ڈربی میں جاری پریکٹس میچ میں بابر اعظم کی قیادت میں ٹیم وائٹ نے پہلی اننگز میں 249 رنز بنائے تھے، جس میں محمد رضوان 54 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

اظہر علی کی قیادت میں ٹیم گرین کے نسیم شاہ نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ٹیم گرین اپنی پہلی اننگز میں سہیل خان اور شاہین شاہ آفریدی کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے صرف 181 رنز پر ڈھیر ہوئی تھی۔

دوسری اننگز میں ٹیم وائٹ نے تیسرے روز 5 وکٹوں پر 220 رنز بنائے تھے اور محمد رضوان 62 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

کپتان بابراعظم 58 اور حیدرعلی 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوچکے ہیں۔

چین، ایغور سے متعلق انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، برطانیہ

مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ کی عوام سے پولیو ویکسین مہم میں تعاون کی درخواست

ٹوئٹر نے کاپی رائٹس کے معاملے پر ٹرمپ کی ری ٹوئٹ کی گئی ایک ’ویڈیو‘ ہٹا دی