کورونا وبا: آزاد کشمیر میں کیسز گلگت بلتستان سے زیادہ، ملک میں متاثرین 2 لاکھ 59 ہزار سے زائد
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں کچھ بہتری دیکھی جارہی ہے اور حالیہ دنوں میں آنے والے کیسز کی تعداد گزشتہ اعداد و شمار کےمقابلے میں کم ہورہی ہے۔
ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار 401 ہوچکی ہے جبکہ اموات 5 ہزار 465 تک پہنچ گئی ہیں تاہم ان کیسز میں سے ایک لاکھ 78 ہزار 737 لوگ صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔
آج (16 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے 2193 نئے کیسز اور 48 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی مزید 5 ہزار 927 کا اضافہ ہوا۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ بہتری کی طرف دکھائی دے رہی ہے تاہم یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ اس وائرس پر مکمل طور پر کنٹرول کرلیا گیا ہے۔
اگرچہ جون کے مقابلے میں جولائی میں کیسز کی تعداد کم دیکھی جارہی ہے تاہم اس کی ایک بڑی وجہ ٹیسٹ کی تعداد میں بھی کمی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کی ساڑھے 4 ماہ کی صورتحال پر اگر نظر ڈالی جائے تو 26 فروری کو پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا۔
جس کے بعد مارچ کے آخر تک ملک میں کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار اور اموات 26 تک تھیں، تاہم اپریل میں کیسز کی تعداد بڑھی اور 30 تاریخ تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد کیسز اور اموات 385 تک پہنچ گئیں۔
مئی کے مہینے میں صورتحال میں تبدیلی آئی اور کیسز ایک ماہ میں بڑھ کر 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں، جس کے بعد جون کا مہینہ اب تک کا سب سے تشویشناک رہا ہے جہاں ایک ماہ میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے زائد ہوگئیں۔
جولائی کے 15 روز کے دوران ملک میں 45 ہزار نئے کیسز اور ایک ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔
آج (16 جولائی) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیس اور اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔
سندھ
سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1155 نئے کیسز اور 34 اموات کا اضافہ سامنے آیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1155 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی، جس سے مجموعی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار 68 ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 34 افراد زندگی کی بازی ہار گئے یوں مجموعی اموات کی تعداد 1922 تک پہنچ گئی۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 494 نئے کیسز اور 8 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق ملک کے سب سے بڑے آبادی والے صوبے پنجاب گزشتہ 24 گھنٹوں میں 494 افراد ایسے تھے جن میں کورونا کی تشخیص ہوئیں، یوں مجموعی کیسز کی تعداد 88 ہزار 539 تک پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ وہاں 8 افراد کا انتقال بھی ہوا جس کے بعد پنجاب میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 51 ہوگئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 87 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد جان سے گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ان 87 افراد کے متاثر ہونے سے اسلام آباد میں مجموعی کیسز کی تعداد 14 ہزار 402 تک پہنچ گئی۔
مزید برآں ایک فرد کے انتقال کرنے سے وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے ہوئی اموات کی تعداد 156 ہوگئی۔
خیبر پختونخوا
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 269 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 486 ہوگئی۔
صوبے میں مئی سے اب تک ایک روز میں سب سے کم 4 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد 1124 ہوگئی ہے۔
بلوچستان
محکمہ صحت بلوچستان کی وبا سے متعلق صورتحال کی یومیہ رپورٹ میں وائرس کے مزید 63 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی گئی۔
اس اضافے کے بعد صوبے میں کورونا متاثرین کی تعداد 11 ہزار 385 ہوگئی۔
بلوچستان میں مزید ایک مریض دم توڑ گیا جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 128 ہوگئی ہیں۔
آزاد کشمیر
ملک کے دیگر حصوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے برعکس آزاد کشمیر میں تعداد میں اضافہ دیکھا گیا اور وہاں کیسز گلگت بلتستان سے زیادہ ہوگئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 83 مزید کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1771 تک پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان
آزاد کشمیر میں کیسز زیادہ ہونے کے بعد گلگت بلتستان ملک کا سب سے کم متاثر علاقہ بن گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 42 نئے کیسز آئے جس سے مجموعی تعداد 1750 تک پہنچ گئی۔
صحتیاب افراد
علاوہ ازیں ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں یومیہ کیسز کے مقابلے میں کافی زیادہ اضافہ ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 5 ہزار 927 افراد ایسے تھے جنہوں نے کورونا وائرس سے شفا حاصل کرلی۔
اس طرح ملک میں اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 78 ہزار 737 تک پہنچ گئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 259401
اموات: 5465
صحتیاب: 178737
فعال کیسز: 75199
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 10 ہزار 68 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 88 ہزار 539 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 31 ہزار 486 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 385 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 402، گلگت بلتستان میں 1750 اور آزاد کشمیر 1771 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پنجاب:2051
سندھ: 1922
خیبرپختونخوا: 1124
بلوچستان: 128
اسلام آباد: 156
آزاد کشمیر: 46
گلگت بلتستان: 38
پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔
تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 55 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 5 ہزار سے زائد ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔