Live Covid 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہسپتال سے ڈسچارج

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہسپتال سے ڈسچارج

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے ملٹری ہسپتال میں کورونا وائرس کے علاج اور پلازما تھراپی کے وہ ہسپتال سے گھر منتقل ہوگئے ہیں لیکن ان کا کورونا کا ٹیسٹ منفی آنا باقی ہے۔

گزشتہ روز جاری ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد احتیاطی تدابیر کے تحت انہوں نے اپنی تمام ملاقاتیں اور کانفرنسز منسوخ کردی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ فوری ٹیسٹ اور اس کے بعد علاج کے آغاز کے بعد میری طبیعت بتدریج مستحکم ہونا شروع ہوئی، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صحتیاب مریضوں کا پلازما بھی لگایا گیاتھا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ اب گھر منتقل ہوگئے ہیں اور بہت بہتر محسوس کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کےنمونے دوبارہ لیے گئے ہیں جو انشااللہ منفی آئیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائنز پر کام کرنے والے تمام ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے اپنا خیال رکھنے طبی عملے اور صحتیابی کی دعا کرنے والے خیرخواہو کا شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ' گھبرائیں نہیں' ، احتیاطی تدابیر اختیار کریں او اگر کوئی علامات ظاہر ہوں تو کسی تاخیر کے بغیر طبی ماہرین سے رابطہ کریں۔