سعودی عرب: 160 ممالک کے شہریوں کو حج کیلئے منتخب کرلیا گیا
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے 160 ممالک کے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد رواں برس حج کے لیے ناموں کو حتمی شکل دے دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حرمین شریفین کے بیان میں کہا گیا کہ 'وزارت حج نے مملکت میں مقیم 160 ممالک کے شہریوں کو حج کے لیے منتخب کرلیا ہے'۔
مزید پڑھیں:حج 2020: صرف سعودی عرب میں موجود افراد کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ
ان کا کہنا تھا کہ 'تمام خوش قسمت امیدواروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے'۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ درخواستوں کو عازمین کے تحفظ اور اچھی صحت کو یقینی بنانے کے لیے اعلیٰ معیار کےمطابق جانچا گیا۔
حج کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 جولائی مقرر کی گئی تھی اور اچھی صحت کو بنیادی نکتہ قرار دیا گیا تھا۔
حج کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین میں 70 فیصد کا تعلق بیرون ممالک سے ہوگا جبکہ 30 فیصد سعودی عرب کے ہی شہری ہوں گے۔
وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 28 ذیقعد سے 12 ذی الحج تک کسی نے بغیر اجازت نامے کے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حج کے مقامات میں داخلے کی کوشش کی اس پر 10ہزار سعودی ریال جرمانہ ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی نے خلاف ورزی کو دہرایا تو اس پر جرمانہ بھی دگنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا کے بعد ملائیشیا کا بھی شہریوں کو حج پر نہ بھیجنے کا اعلان
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ مقدس مقامات کی طرف جانے والے راستوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ قانون توڑنے والے کو روک کر ان پر جرمانے کو یقینی بنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے 24 جون کو اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث عازمین کی تعداد کو محدود رکھتے ہوئے صرف سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کو حج کی اجازت دی جائے گی۔
وزارت حج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 'ہجوم اور لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہونے سے کورونا کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں برس حج محدود عازمین کے ساتھ ہوگی'۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ 'سعودی عرب میں مقیم مختلف ممالک کے شہری حج کی ادائیگی کرپائیں گے اور یہ فیصلہ حج کو محفوظ طریقے سے ادا کرنے کے لیے کیا گیا ہے'۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب کا رواں سال حج کو محدود کرنے پر غور
سعودی حکومت نے کہا تھا کہ 'صحت عامہ کے پیش نظرلوگوں کی جانوں کو بچانے کے لیے اسلامی تعلیمات کے مطابق سماجی فاصلہ اور دیگر تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے'۔
خیال رہے کہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ہر سال سعودی عرب جاتے ہیں اور رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس تقریباً 25 لاکھ مسلمانوں نے حج ادا کیا تھا۔
رواں برس کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب کے علاوہ دیگر ممالک سے حج کے لیے کوئی نہیں آسکے گا۔