پاکستان

گجرانوالا: لاک ڈاؤن میں 'غربت سے تنگ' کرایہ دار نے مالک مکان کو ہی لوٹ لیا

ملزم نے برقعہ پہن کر چھری کے زور پر 39 ہزار روپے چھینے تھے، ملزم کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس
|

پنجاب کے شہر گجرانوالا میں پولیس نے لاک ڈاؤن کے باعث 'معاشی حالات سے تنگ' ہو کر ڈکیتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

گجرانوالا سول لائنز پولیس کے مطابق ملزم نے 9 جولائی کو برقعہ پہن کر اپنے ہی مالک مکان کو لوٹا تھا۔

مزیدپڑھیں: پنجاب بھر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ

پولیس کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے کے زور پر گھر کے باہر کھڑے محمد عرفان سے 39 ہزار روپے چھین لیے تھے۔

بعدازاں محمد عرفان نے پولیس کو مطلع کیا تھا کہ اس کے کرایہ دار محمد عثمان نے تیز دھار آلے کے زور پر اس سے 39 ہزار روپے چھینے تھے۔

اس ضمن میں پولیس نے بتایا کہ ملزم محمد عثمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اقرار کیا کہ لاک ڈاون کے باعث مکان کا کرایہ دینے کے لیے پیسے نہیں تھے اس لیے واردات کرنے پر مجبور ہوا۔

ملزم کا کہنا تھا کہ 'غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے بچوں کو بھوکا دیکھ کر ذہنی مریض بن گیا تھا'۔

مزیدپڑھیں: لاہور: سابق گورنر پنجاب کا بیٹا مبینہ طور پر ڈکیتی میں ملوث

ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ نے بتایا کہ مذکورہ واقعہ کی مکمل تحقیقات اور ملزم کا بیان سننے کے بعد ملزم کے اہل خانہ کی مدد کی گئی۔

عمران عباس نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے انسانی ہمدردی کے تحت اپنی جیب سے ملزم محمد عثمان کے تمام بقایا جات مالک مالکان کو اداکردیے ہیں۔

ڈی ایس پی عمران عباس کا کہنا تھا کہ 'قانونی تقاضے پورے کرتےہوئے ملزم کے خلاف ڈکیتی کامقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔