پاکستان

ای او بی آئی پنشنرز کو یوٹیلیٹی اسٹورز پر 10 فیصد تک سبسڈی دی جائے گی

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور ای او بی آئی کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے، جلد سہولت کارڈ کا اجرا کیا جائے گا، رپورٹ

اسلام آباد: ایمپلائیز اولڈ ایج-بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) سے مستفید ہونے والے لگ بھگ 80 لاکھ افراد کو ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے تمام آؤٹ لیٹس پر 10 فیصد تک سبسڈی دی جائے گی۔

اس حوالے سے 10 جولائی کو ای او بی آئی اور یو ایس سی کے درمیان اس ضمن میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہا کہ حکومت جلد ہی ای او بی آئی سہولت کارڈ کا آغاز کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ای او بی آئی سے مستفید ہونے والے 80 لاکھ افراد کو یوٹیلیٹی اسٹورز سے غذائی اجناس کی خریداری پر 10 فیصد تک سبسڈی ملے گی۔

مزید پڑھیں: ای او بی آئی کا پینشن، واجبات کی مد میں 5 ارب روپے ادا کرنے کا اعلان

 زلفی بخاری نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ای او بی آئی اور یو ایس سی کے مابین شراکت داری ایک تاریخی اقدام ہے جس نے وزیر اعظم عمران خان کے ملک کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے وژن کو سمجھتے ہوئے سرکاری محکموں کی کوششوں کو ایک قوت دی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ای او بی آئی کے پنشنرز کے وظیفے کی رقم 5 ہزار 250 روپے سے بڑھا کر ساڑھے 8 ہزار روپے کردی ہے جسے موجودہ حکومت کی مدت کے اختتام تک مزید بڑھا کر 15 ہزار روپے کردیا جائے گا۔

 زلفی بخاری نے کہا کہ سہولت کارڈ کے اجرا کے بعد ای او بی آئی سے رجسٹرڈ افراد زیادہ سے زیادہ سہولیات حاصل کرسکیں گے کیونکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اس اسکیم میں مزید مراعات شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

 ای او بی آئی کے چیئرمین اظہر حمید نے بتایا کہ ای او بی آئی سہولت کارڈ کا اجرا آئندہ ماہ کے اوائل میں کیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر سیکڑوں افراد کو یہ کارڈ مہیا کیا جائے گا اور بعدازاں ای او بی آئی سے مستفید ہونے والے فراد کو کارڈ جاری کرنا شروع کیے جائیں گے، جس کی تصدیق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ذریعہ کی جائے گی۔ یو ایس سی کے چیئرمین ذوالقرنین علی خان نے کہا کہ ضرورت مند افراد کو مالی فوائد پہنچانے کے علاوہ سرکاری کارپوریشنز کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگا۔

علاوہ ازیں پاکستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی ' اے پی پی' کے مطابق زلفی بخاری نے کہا کہ دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون کا مقصد کم آمدن والے افراد کو کم نرخ پر راشن دے کر ان کی خدمت کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں 20 فیصد اضافہ

انہوں نے بتایا کہ سہولت کارڈ رکھنے والے افراد کو مخصوص غذائی اجناس کے علاوہ کھانے پینے کی کچھ اشیا پر 10 فیصد سے بھی زیادہ کی چھوٹ مل سکتی ہے۔

 زلفی بخاری نے ای او بی آئی سے رجسٹرڈ افراد پر زور دیا کہ وہ کارڈ کے اجرا سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ یو ایس سی اس اقدام کے تحت مزید سہولیات کا اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر ای او بی آئی کے پنشنرز اور انشورڈ افراد کو اس حوالے سے آگاہ کرنے کے لیے ایک وسیع آگاہی مہم چلائی جائے گی تاکہ وہ اس موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کریں۔ 

علاوہ ازیں چیئرمین یو ایس سی نے کہا کہ یہ اقدام وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اٹھایا گیا جو معاشرے کے تباہ حال طبقے کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے حامی ہیں۔


یہ خبر 11 جولائی، 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ہراساں کیے جانے کے ساتھ میرے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا جاری ہے، اہلیہ جسٹس عیسیٰ

پاکستان میں 2 لاکھ 48 ہزار 135 کورونا کیسز، ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد صحتیاب

ایمازون کی ملازمین کو موبائل ڈیوائسز سے ٹک ٹاک ایپ ہٹانے کی ہدایت