پاکستان

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات ملتوی ہونے کا امکان

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات 18 اگست کو ہونے تھے، نیا شیڈول آئندہ 2 سے 3 روز میں جاری کردیا جائے گا، رپورٹ
|

گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن نے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ انتخابات کا نیا شیڈول آئندہ چند روز میں جاری کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات 18 اگست کو ہونے تھے، 24 جون کو اسمبلی کی 5 سالہ مدت اختتام پذیر ہونے کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد قائم مقام حکومت تشکیل دے دی گئی تھی۔

تاہم ذرائع نے کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن اگست میں اتنخابات کے انتظامات کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت کی گلگت بلتستان میں 18 اگست کو عام انتخابات کی منظوری

چنانچہ گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر نے اس معاملے پر علاقے کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ بات کرنے کے لیے جمعہ کو ایک کثیر الجماعتی کانفرنس طلب کی تھی۔

کانفرنس میں تمام سیاسی رہنما بشمول پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے صدر سید جعفر شاہ، مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ حفیظ الرحمٰن، پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر ایڈووکیٹ امجد حسین کے علاوہ جمعت علمائے اسلام، جماعت اسلامی اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

کانفرنس میں شرکا کو گلگت بلتستان الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ اگست میں انتخابات کروانے کی تیاری ابھی تک مکمل نہیں ہوسکی۔

ان کا کہنا تھا کہ کمیشن کو ووٹر فہرستوں کی تیسری اور انتظامات کے لیے مزید 2 مہینوں کو وقت چاہیے اور انتخابات کو اکتوبر تک ملتوی کرنے کی تجویز دی۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی تحلیل، میر افضل نگراں وزیراعلیٰ مقرر

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سوا تمام سیاسی جماعتوں نے اسے حکمراں جماعت کی جانب سے قبل از وقت دھاندلی قرار دیتے ہوئے انتخابات کو ملتوی کرنے کی مخالفت کی، تاہم کانفرنس کے بعد کوئی باضابطہ بیان نہیں جاری کیا گیا۔

اس ضمن میں جب گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب کثیر الجماعتی کانفرنس میں شریک شرکا نے ڈان کو بتایا کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن نے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرنےکا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتخابات کا نیا شیڈول آئندہ 2 سے 3 روز میں جاری کردیا جائے گا۔

یہ بھی دیکھیں: 'گلگت بلتستان کی نگراں کابینہ میں سیاسی طور پر جانبدار لوگوں کو شامل کیا گیا'

خیال رہے کہ 23 جون کی رات گلگت بلتستان اسمبلی اپنی 5 سالہ مدت پوری کرکے تحلیل ہوگئی تھی جس کے بعد وزیراعظم پاکستان اور گلگت بلتستان (جی بی) کونسل کے چیئرمین عمران خان نے میر افضل کو گلگت بلتستان کا نگراں وزیراعلیٰ مقرر کیا تھا۔

بعدازاں 28 جون کو صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے گلگت بلتستان (جی بی) کی قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 18 اگست 2020 کو منعقد کرانے کی منظوری دی تھی۔

قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات اس کی تحلیل ہونے کی تاریخ سے 60 دن کے اندر ہونا ضروری ہیں۔

اسلام آباد اور گلگت بلتستان الیکشن کمیشن جی بی اسمبلی کے 24 حلقوں میں انتخابات کرانے کا ذمہ دار ہے۔

جنوبی کوریا: سیئول کے میئر ’ہراسانی کے الزام‘ کے بعد مردہ حالت میں پائے گئے

وزیر اعظم کی گورنر سندھ کو 'کے الیکٹرک' کا مسئلہ جلد حل کرنے کی ہدایت

پائلٹس کے مشکوک لائسنسز: امریکا نے بھی پی آئی اے کی پروازیں معطل کردیں