لائف اسٹائل

'کورونا گو گو‘ کے نعرے کے ساتھ میرا کا پی ٹی وی پر شو کرنے کا اعلان

اداکارہ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ وہ جلد ہی سرکاری ٹی وی پر منفرد شو کرنے جا رہی ہیں۔

اداکارہ میرا یوں تو آج کل فلمی اور ٹی وی دنیا سے دور دکھائی دے رہی ہیں لیکن خبریں ہیں کہ وہ جلد پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر کوئی پروگرام کرتی دکھائی دیں گی۔

جی ہاں، اداکارہ میرا نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا کہ جلد ہی وہ اپنے پسندیدہ ٹی وی چینل پی ٹی وی پر ایک نیا پروگرام کرتی دکھائی دیں گی، جس میں وہ شائقین کے سوالوں کے جواب بھی دیں گی۔

میرا نے انسٹاگرام پر 2 خواتین کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے 'کورونا گو گو‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ان کے مداح جلد انہیں پی ٹی وی پر ایک منفرد پروگرام کرتے ہوئے دیکھیں گے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ وہ صحت، تعلیم، ایوی ایشن اور پائلٹس کے معاملے پر مبنی آگاہی پروگرام کرنے جا رہی ہیں، جس میں وہ ماہرین سے لوگوں کے سوالوں کے جواب بھی پوچھیں گی اور مذکورہ پروگرام سے ہر کسی کو سیکھنے کے لیے بہت کچھ ملے گا۔

یہ ویڈیو دیکھیں: اداکارہ میرا نے اپنی زندگی پر کتاب تحریر کرنے کا اعلان کردیا

ساتھ ہی اداکارہ نے لکھا کہ وہ فون پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دے دے کر تنگ آچکی ہیں۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں یہ نہیں بتایا کہ ان کا پروگرام پی ٹی وی پر کب سے نشر ہوگا اور ان کے پروگرام کا نام کیا ہوگا اور نہ ہی انہوں نے اپنے پروگرام کے نشر ہونے کا وقت بتایا۔

خیال رہے کہ پی ٹی وی نے حال ہی میں صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے متعدد نئے پروگرامات شروع کیے ہیں جب کہ سرکاری ٹی وی نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر اپریل سے ترک ڈرامے ارطغرل غازی کو بھی اردو ترجمے میں چلانا شروع کر رکھا ہے۔

ترک ڈرامے کی مقبولیت کی وجہ سے پی ٹی وی کو بھی مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور سرکاری ٹی وی کی انتظامیہ نئے پرورگرامات شروع کرکے اپنی مقبولیت مزید بڑھانا چاہتی ہے۔

کانیے ویسٹ کا امریکی صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان

شادی کے بعد صدف کنول کا آئٹم گانے نہ کرنے کا اعلان

مخنث افراد پر نامناسب تبصرہ، ویب سائٹس کا 'جے کے رولنگ' سے لاتعلقی کا اظہار