پاکستان

کورونا وبا: ایک روز میں ریکارڈ 11 ہزار سے زائد افراد صحتیاب، مجموعی کیسز سوا 2 لاکھ سے بڑھ گئے

ہفتے کو ملک میں مزید 3475 کیسز اور 88 اموات کا اضافہ ہوا، اب تک شفا پانے والوں کی تعداد سوا لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
| |

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد اگرچہ کم ہوئی ہے تاہم اب بھی مزید نئے کیسز سامنے آنے سے مجموعی متاثرین 2 لاکھ 27 ہزار 254 تک پہنچ چکے ہیں جبکہ اموات 4 ہزار 680 ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج (4 جولائی) کو ملک میں 3475 نئے کیسز اور 88 اموات کا اضافہ ہوا۔

تاہم ملک میں ایک روز میں صحتیاب افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور 24 گھنٹوں میں 11 ہزار 471 افراد شفایاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کے مقابلے میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھی ہے اور اس وقت فعال کیسز سے زیادہ صحتیاب افراد ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد اس وائرس کو یہاں 4 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

پہلے کیس سے لے کر اب تک وائرس کے کیسز کی صورتحال کچھ یوں رہی کہ 31 مارچ تک ملک میں 2 ہزار کے قریب کیسز تھے جبکہ 26 اموات تھیں۔

جس کے بعد اپریل میں کیسز کی تعداد بڑھی اور مجموعی متاثرین ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔

مئی کے مہینے میں کورونا کیسز میں یکدم اضافہ ہوا اور ایک ماہ میں تعداد 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئی جبکہ جون میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی اور کیسز 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے بڑھ گئی۔

جولائی کے آغاز میں اب تک ملک میں ساڑھے 12 ہزار سے زائد کیسز اور 250 سے زیادہ اموات سامنے آچکی ہیں۔

آج (4 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا۔

سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا کی صورتحال پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10718 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1585 نئے مریض سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس کے 92 ہزار 306 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 42 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد جاں بحق مریضوں کی تعداد 1501 ہوگئی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں مزید 1480 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد شفایاب مریضوں کی تعداد 52 ہزار 388 ہوچکی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 1341 لوگوں کو متاثر کیا جبکہ 25 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں مزید ایک ہزار 341 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی، یوں اس طرح مجموعی کیسز 80 ہزار 297 ہوگئے۔

اس کے علاوہ مزید 25 افراد لقمہ اجل بنے جس سے مجموعی اموات کی تعداد 1844 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 97 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں 97 کے اضافے کے بعد یہ تعداد 13 ہزار 292 ہوگئی۔

مزید یہ کہ ایک فرد وہاں اور انتقال کرگیا جس سے مجموعی اموات 130 تک پہنچ گیا۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں ہفتہ کے روز کورونا کے 337 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 27 ہزار 843 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 18 افراد وائرس کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں جاں بحق مریضوں کی تعداد 1020 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی کورونا سے متعلق صورتحال کی یومیہ رپورٹ میں مزید 49 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار 766 ہوگئی۔

رپورٹ میں مزید ایک مریض کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 123 ہوگئی ہے۔

محکمے کے مطابق صوبے میں کورونا کے 4955 فعال کیسز موجود ہیں جبکہ 5688 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس نے مزید 12 افراد کو متاثر کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان نئے متاثرین کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 536 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

ملک میں اب تک سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 54 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 54 افراد کے اضافے کے بعد 1214 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ وہاں ایک فرد کی موت بھی واقع ہوئی جس سے یہ تعداد 34 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں کورونا وائرس کے ان کیسز کے باوجود جو بات حوصلہ افزا ہے وہ لوگوں کا شفایاب ہونا ہے اور گزشتہ کچھ دنوں میں اس میں تیزی دیکھی گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ریکارڈ صحتیاب مریض سامنے آئے اور اس میں 11 ہزار 471 کا بڑا اضافہ ہوا۔

اس اضافے کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 94 تک پہنچ گئی۔

یہاں یہ مدنظر رہے کہ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں فعال کیسز کے مقابلے میں صحتیاب افراد کی تعداد زیادہ ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 227254

اموات: 4680

صحتیاب: 125094

فعال کیسز: 97480

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 92 ہزار 306 ہیں تو وہیں پنجاب میں 80 ہزار 297 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 27 ہزار 843 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 766 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 292 ، گلگت بلتستان میں 1536 اور آزاد کشمیر 1214 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1844

سندھ: 1501

خیبرپختونخوا: 1020

بلوچستان: 123

اسلام آباد: 130

آزاد کشمیر: 34

گلگت بلتستان: 28


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک سوا 2 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 4 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

ملک گیر کریک ڈاؤن میں چائلڈ پورنوگرافی کے 3 ملزمان گرفتار

سی پیک کو ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا، وزیراعظم

چینی فوج سے جھڑپ کے بعد بھارتی وزیراعظم کا ہمالیائی سرحد کا دورہ