بورڈ کو سمجھنا ہوگا کہ کھیل سے زیادہ اہم صحت اور زندگی ہے
گزشتہ کئی مہینوں سے پوری دنیا کورونا وائرس کی گرفت میں ہے۔ اس وائرس نے اپنے خوفناک پنجے دنیا بھر میں گاڑے ہوئے ہیں اور اب تک لاکھوں افراد اس وائرس کے باعث لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
یہ اسی وائرس کے منفی اثرات ہیں جس نے دنیا بھر میں ہونے والی تقریباً تمام ہی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مقابلوں کو بھی منسوخ یا ملتوی کردیا ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں سے مختلف کھیلوں کی تنظیمیں مقابلوں کی بحالی کے لیے کوشاں تھیں اور یورپ کی مختلف فٹبال لیگوں کا ایک طویل تعطل کے بعد آغاز کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کی جانب ایک نمایاں قدم ہے۔
بالکل اسی طرح کرکٹ کے میدانوں کی روٹھی ہوئی رونقیں بحال کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں اور اس سلسلے میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے دورے پر پہنچ چکی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے بعد پاکستانی ٹیم بھی ٹیسٹ اور ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کے دورے پر جانے کی تیاری کررہی ہے۔