علم کی 'آن لائن' شمع سے ہو مجھ کو محبت یارب!
یوں تو آن لائن کلاسوں کا رواج پوری دنیا میں پہلے سے ہی موجود تھا لیکن پاکستان کے طلبہ کے لیے درس و تدریس کا یہ ایک بالکل نیا طریقہ ہے
عام طور پر طالب علموں کے لیے سال کا یہ حصہ نئی کتابوں کی خوشبو، نئی کلاس، نئے ساتھی، نئے اساتذہ سے متعلق ہوتا ہے لیکن کورونا وائرس کی وبا نے دنیا کو نئے انداز سے دیکھنے اور تصور کرنے پر مجبور کردیا ہے۔
جہاں دنیا کے ہر شعبے میں حسبِ ضرورت کئی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں وہیں تعلیمی شعبے میں بھی بہت کچھ بدل رہا ہے۔ اس بدلاؤ میں آن لائن کلاس سرِفہرست ہیں۔
یوں تو آن لائن کلاسوں کا رواج پوری دنیا میں پہلے سے ہی موجود تھا لیکن پاکستان کے طلبہ کے لیے درس و تدریس کا یہ ایک بالکل نیا طریقہ ہے جس کے لیے نہ ہمارے اساتذہ تیار تھے اور نہ ہی طالب علم، بلکہ ہمارا تو انفرااسٹرکچر بھی اس قابل نہیں ہے کہ ہم اس جدید طریقہءِ تعلیم کو قبول کرسکیں، نہ ہی ہم جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہیں اور نہ تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت ہر گھر میں موجود ہے۔