صنم ماروی کا کنارہ کشی کے اعلان کے ایک روز بعد ہی گلوکاری میں واپسی کا اعلان
معروف صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے 23 جون کو گھریلو تنازعات کے بعد گلوکاری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا تاہم 24 جون کو انہوں نے گلوکاری میں واپسی کا اعلان کردیا۔
صنم ماروی کی جانب سے گلوکاری کو خیرباد کہنے کا اعلان اس وقت کیا گیا تھا جب ان کی سوتیلی بہن گلوکارہ ریشماں پروین نے ان پر شدید الزامات لگاتے ہوئے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔
ریشماں پروین نے 22 جون کو سندھی زبان میں ایک مختصر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی بہن صنم ماروی نے نجی گارڈز کے ساتھ ان کے گھر میں گھس کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
تقریباً 2 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں ریشماں پروین نے دعویٰ کیا تھا کہ صنم ماروی نے ان کے گھر میں گھس کر اس لیے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور قتل کی دھمکیاں دیں، کیوں کہ وہ ان کی تیسری شادی سے متعلق باتیں جانتی ہیں۔
ریشماں پروین نے دعویٰ کیا کہ صنم ماروی نے حامد خان سے فروری میں خلع کے بعد کبیب نواز نامی لڑکے سے شادی کرلی ہے۔
سوتیلی بہن کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صنم ماروی نے سندھی نیوز چینل (ٹائمز نیوز) سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ 15 سے 20 دن میں گلوکاری کو چھوڑ دیں گی۔
صنم ماروی نے جذباتی انداز میں کہا تھا کہ جب ان کے اہل خانہ ہی ان کے دشمن بن جائیں اور ان کی ملکیت اور پیسا ہی ان کے تنازعات کا سبب بنے تو وہ ایسے شعبے میں مزید کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔
صنم ماروی نے اپنے خاندانی جھگڑے کو مداحوں کے تنازع سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ان کے گلوکاری چھوڑنے کی ایک وجہ سندھی مداحوں کی جانب سے ان کی کردارکشی کرنا بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گھریلو تنازع کے بعد صنم ماروی کا گلوکاری چھوڑنے کا اعلان
گلوکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ خاندانی جھگڑے سامنے آنے کے بعد سندھ کے مداح ان کی کردارکشی کرتے ہوئے ان کے لیے خلاف نامناسب زبان استعمال کر رہے ہیں اور وہ مزید گلوکاری نہیں کرنا چاہتیں۔
صنم ماروی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سندھ کے مداحوں نے ہمیشہ ان کی کردارکشی کی جب کہ پاکستان بھر کے دیگر مداحوں نے انہیں عزت دی۔
انہوں نے یہ دعا بھی کی تھی کہ اب سندھ کی سرزمین کسی اچھے گلوکار کے لیے ترس جائے گی اور کوئی بھی شاہ، سچل اور سامی کو گانا والا گلوکار سندھ کو نہ ملے گا۔
صنم ماروی کی جانب سے خاندانی تنازع کو سندھ کے مداحوں سے جوڑنے پر بعض مداح ان سے ناراض بھی دکھائی دیے اور کہا کہ صنم ماروی کو پہلا پیار اور پہلی شہرت سندھ کے لوگوں نے ہی دی اور گلوکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
جس کے بعد گلوکارہ نے ایک ویڈیو جاری کرکے سندھ کے تمام مداحوں سے اپنے رویے پر معافی بھی مانگی اور مداحوں کو منانے کے لیے انہوں نے گلوکاری کرنے کا اعلان بھی کیا۔
صنم ماروی نے اپنے فیس بک پیج پر تقریبا ساڑھے 7 منٹ کی سندھی زبان میں جاری کی گئی ویڈیو میں گزشتہ روز موسیقی چھوڑنے کے اعلان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کہنے کا مقصد تھا کہ سندھ کے عوام نے ان کا بیان سنے بغیر ہی ان پر تنقید کرنا شروع کردی، جس وجہ سے انہوں نے غصے میں آکر موسیقی چھوڑنے کا اعلان کیا۔
وضاحتی ویڈیو میں صنم ماروی اپنے خاندانی معاملات پر بات کرتے ہوئے جذباتی بھی ہوگئیں اور کہا کہ شوہر سے خلع کے بعد انہوں نے تاحال اپنے بچوں کو نہیں دیکھا اور وہ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہی یہ جنگ لڑ رہی ہیں۔
صنم ماروی نے سندھ کے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے نام سے سرزمین سندھ کی ہیروئن ماروی کا نام نکال لیا جائے تو وہ کچھ بھی نہیں رہیں گی اور وہ سندھ کے مداحوں کو برا بھلا کہنے کی بات سوچ بھی نہیں سکتیں۔
گلوکارہ نے مداحوں کو کہا کہ انہوں نے ان سندھی مداحوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جو ان کے بیان سے قبل ہی انہیں جھوٹا کہہ کر ان کی کردارکشی کر رہے تھے اور ایسے ہی چند افراد کے عمل کی وجہ سے انہوں نے غصے میں آکر گلوکاری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
صنم ماروی نے اپنے فیس بک پیج پر سندھی زبان میں ایک پوسٹ میں واپس گلوکاری کی جانب آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ناراض مداحوں کو منانے کے لیے سرزمین سندھ پر شاہ عبداللطیف بھٹائی کا کلام آکر گائیں گی۔
تاہم گلوکارہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کب اور کس شہر میں آکر مداحوں کے لیے فن کا مظاہرہ کریں گی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ حیدرآباد میں میوزک کنسرٹ منعقد کریں گی۔
ویڈیو میں صنم ماروی نے اپنی سوتیلی بہن کی جانب سے تیسری شادی کے دعوے پر بھی کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ان کی بہن ان پر تشدد کے الزامات لگا رہی ہیں تو وہ تشدد کے ثبوت سامنے لے آئیں۔
خیال رہے کہ صنم ماروی اور ریشماں پروین کی والدہ ایک ہی ہے، تاہم دونوں کے والد الگ ہیں، صنم ماروی کے والد بھی سندھ کے معروف گلوکار تھے اور ان کے قتل کے بعد ان کی والدہ نے دوسری شادی کی۔
صنم ماروی کی والدہ کو دوسرے شوہر سے ریشماں پروین ہوئیں اور صنم ماروی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی چھوٹی سوتیلی بہن کی پرورش ایک والدہ کے طور پر بھی کی۔