کھیل

قومی ٹیم کے مزید 7 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار

مزید جن کھلاڑیوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ان میں فخر زمان، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض بھی شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کے مزید 7 کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی۔

پی سی بی سے جاری بیان کے مطابق منگل کے روز 7 کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ میں شامل ایک رکن کے کووڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

مجموعی طور پر اسکواڈ میں شامل 35 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کووڈ 19 ٹیسٹ پیر کے روز لیے گئے، ان کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ لاہور، کراچی اور پشاور میں لیے گئے تھے۔

مزید جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ان میں فخر زمان، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

ٹیم منیجمنٹ میں شامل مساجر منگ علی کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

تاحال جن کے ٹیسٹ نہیں ہوسکے ان میں شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان کی طرح ان ساتوں کھلاڑیوں اور اسکواڈ میں شامل ٹیم مساجر میں بھی ٹیسٹنگ سے قبل کورونا کی کوئی علامات نہیں پائی گئیں۔

پی سی بی کا میڈیکل پینل ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مساجر سے مسلسل رابطے میں ہے اور ان تمام اراکین کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے جو کہ ان کے اور ان کی فیملی کے صحت اور حفاظت کے لیے بھی ضروری ہے۔

کرکٹ بورڈ کی جانب سے اگلا لائحہ عمل بھی جاری کیا گیا جس کے مطابق:

• اسکواڈ میں شامل ایسے کھلاڑی اور آفیشلز جن کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں وہ 24 جون کو لاہور کے بائیو سیکیور ماحول میں اکٹھے ہوں گے، ان تمام اراکین کی دوسری کورونا ٹیسٹنگ 25 جون کو ہوگی۔

• لاہور کے بائیو سیکیور ماحول میں موجود جن کھلاڑیوں اور آفیشلز کے 25 جون کو لیے جانے والے ٹیسٹ بھی منفی آئیں گے تو وہ 28 جون کو چارٹرڈ پرواز پر مانچسٹر روانہ ہوں گے۔

• چارٹرڈ پرواز کے ذریعے انگلینڈ پہنچنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی تیسری کووڈ 19 ٹیسٹنگ ای سی بی کا میڈیکل پینل کرے گا، یہ ٹیسٹنگ پاکستان کے اسکواڈ کے انگلینڈ پہنچنے کے 24 گھنٹوں کے اندر اندر ہوگی۔

• انگلینڈ پہنچنے پر جن کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ منفی آئیں گے تو انہیں برطانوی حکومت کے قوانین کے مطابق قرنطینہ کی مدت گزارنی پڑے گی، تاہم وہ اس دوران بائیو سیکیور ماحول میں پریکٹس اور ٹریننگ کرسکیں گے۔

• اسکواڈ میں شامل وہ کھلاڑی اور آفیشلز جن کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں وہ سیلف آئسولیشن میں رہیں گے اور پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کی کڑی نگرانی کرے گا۔

• ایسے تمام اسکواڈ ممبرز جن کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، ان کی مقررہ وقت پر دوبارہ ٹیسٹنگ کی جائے گی اور اگر اس صورتحال میں ان کے 2 ٹیسٹ منفی آجاتے ہیں تو انہیں کمرشل پرواز پر انگلینڈ روانہ کرنے کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔

• برطانیہ پہنچنے پر ان کی دوبارہ ٹیسٹنگ ہوگی جو ای سی بی کا میڈیکل پینل کرے گا، اس صورتحال میں رپورٹ منفی آنے کے بعد انہیں وہاں موجود پاکستان کے اسکواڈ میں شامل دیگر اراکین کے ساتھ شامل کرلیا جائے گا۔

• سیریز کے ایس او پیز کے مطابق پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی کم از کم 5 مرتبہ کووڈ 19 ٹیسٹنگ کی جائے گی۔