پاکستان

کراچی: ٹارگٹ کلنگ میں پانچ افراد ہلاک

کراچی میں مختلف واقعات میں آج پانچ افراد موت کی گھاٹ اتار دیئے گئے بہادر آباد میں بھتہ خوروں کی فائرنگ سے ایک تاجر ہلاک۔

کراچی: کراچی میں نامعلوم نشانہ باز قاتلوں کی کاروائیاں جاری ہیں اور آج مزید چار افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گئے۔ رینجرز اور پولیس نے سرچ آپریشن کرکے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔  پولیس نے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا جبکہ صدر میں جیولری شاپ پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع پرپولیس میں ہلچل مچ گئی۔

سولجر بازار نمبر دو میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا۔ گارڈن کے علاقے شو مارکیٹ میں نامعلوم افراد نےفائرنگ کرکے محمد سہیل کوموت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ محمود آباد نمر چھ میں طاہر خان نامی شخص کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ منگھوپیر میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

پاک کالونی میں رینجرز اور پولیس نے ٹارگیٹڈ آپریشن کیا اور اس دوران بیس افراد کو حراست میں لیاگیا۔ ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے بعض افراد سےمنشیات اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ایسٹ رینج پولیس نے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں آپریشن کیا جس میں پولیس کمانڈوز نے بھی حصہ لیا۔

بہادرآباد میں بھتہ نہ دینے پر بھتہ خوروں کی فائرنگ سے محمد عامر نامی تاجر ہلاک ہوگیا۔ واقعے کے بعد دوکانداروں نے بطور احتجاج دکانیں بند کردیں۔

آپریشن کے دوران علاقے کو گھیرے میں لیکر مخصوص گھروں پر چھاپے مارے گئے اور آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کاکہناہے کہ سرچ آپریشن گرفتار جرائم پیشہ ملزمان کی نشاندھی پر کیا گیا۔ جبکہ نیوکراچی انڈسٹریل ایریا اور بریگیڈ پولیس نے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ادھر صدر میں واقع مرشد بازار کی جیولرز کی دکان پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع پرپولیس میں کھلبلی مچ گئی جبکہ دوکانداروں میں اشتعال پھیل گیا۔