وبا کے باوجود ’ایمی‘ ایوارڈز تقریب ستمبر میں کرنے کا اعلان
کورونا وائرس کی وبا کے باعث جہاں فلمی دنیا کے متعبر ترین ’آسکر‘ ایوارڈز سمیت ’کانز‘ فلم فیسٹیول اور دیگر بڑی فلمی تقریبات کو منسوخ یا ملتوی کردیا گیا ہے۔
وہیں امریکا کی ٹیلی وژن اکیڈمی اور ٹی وی چینل اے بی سی نے اعلان کیا ہے کہ معروف ٹی وی ایوارڈز فیسٹیول ’ایمی‘ کی تقریب معمول کے مطابق ستمبر میں ہی ہوگی۔
’ایمی‘ ایوارڈز کو امریکی ٹیلی وژن کی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ کا اعزاز حاصل ہے اور یہ ایوارڈز صرف ٹی وی پر چلنے والے پروگرامات اور ڈراموں کو دیے جاتے ہیں۔
’ایمی‘ ایوارڈز کا آغاز 1949 میں کیا گیا تھا اور رواں برس اس کی 72 ویں سالانہ تقریب منعقد کی جائے گی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے 17 جون کو تصدیق کی کہ کورونا کی وبا کے باوجود رواں برس ’ایمی‘ ایوارڈز کی تقریب اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہوگی۔
’ایمی‘ ایوارڈز تقریب کی میزبانی جمی کمیل کریں گے اور انہیں اے بی سی پر ہی نشر کیا جائے گا۔
ٹیلی وژن نیٹ ورک کے مطابق ’ایمی‘ ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان آئندہ ماہ 14 جولائی کو کیا جائے گا جب کہ ایوارڈ تقریب 20 ستمبر کو منعقد کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کے باعث 'آسکر' ایوارڈز تقریب 2 ماہ تک مؤخر
اگرچہ ’ایمی‘ ایوارڈز کی تقریب منعقد کرنے کی تصدیق کردی گئی تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں کہ تقریب ہر سال کی طرح ہی ہوگی یا رواں برس کورونا کی وجہ سے اسے مختصر یا محدود کیا جائے گا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ کورونا کی وبا کے باعث رواں سال ریڈ کارپٹ منعقد نہیں کیا جائے گا اور اور محدود لوگوں کو ایوارڈز تقریب کے لیے مدعو کیا جائے گا تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
’ایمی‘ ایوارڈز کے علاوہ تقریباً باقی تمام ایوارڈز کی تقریبات کو مؤخر یا ملتوی کیا گیا ہے جب کہ رواں برس مارچ سے دنیا بھر سینما ہالز بھی بند ہیں اور فلموں کی نمائش بھی نہیں کی جا رہی۔
فلمی دنیا کے سب سے معتبر آسکر ایوارڈز کو بھی 2 ماہ کے لیے مؤخر کردیا گیا ہے اور اب آسکر کی تقریب فروری 2021 کے بجائے اپریل 2021 میں ہوگی۔