یہ وقت تو اختیارات دینے کا ہے لینے کا نہیں
اسٹیبلشمنٹ کے حامی سیاستدان 18ویں ترمیم پر نظرثانی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہی وہ قانون ہے جس نے لسانی اعتبار سے تناؤ کی شکار ریاست میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا۔ ایک ایسی ریاست جہاں مرکزیت پسند کی شدید طلب نے اکثر سانحات کو جنم دیا، جیسے سال 1971ء کو ہی لے لیجیے۔
یہ بات تو واضح ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے عمل کو ایک منصوبہ بندی کے تحت عوامی مینڈیٹ کے بغیر معطل کرنے سے صرف تناؤ اور پریشانیاں ہی بڑھیں گی۔
عالمی اسباق یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا عمل بڑی یا لسانی اعتبار سے منقسم ریاستوں میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے حکمران پہلے سے زیادہ جوابدہ بن جاتے ہیں اور اس کے ذریعے سیاسی میدان میں مختلف گروہوں کو جگہ ملنے سے تنازعات میں کمی آتی ہے۔ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی قدر و اہمیت کا اندازہ خطے کے ممالک سے بھی ہوجاتا ہے۔