پاکستان

کورونا وائرس: سندھ پولیس کے متاثرہ افسران و اہلکاروں کی تعداد 873 ہوگئی

کورونا کے خلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران 8 پولیس اہلکاروں نے شہادت پائی، جن کا تعلق کراچی رینج سے تھا، پولیس ترجمان
|

سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے اس کے متاثرہ افسران و اہلکار کی تعداد 873 جبکہ 8 جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ترجمان سندھ پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ محکمے میں گزشتہ تین روز کے دوران کورونا کے 95 نئے کیسز سامنے آئے۔

اس طرح کورونا سے متاثر افسران و اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 873 ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران 8 پولیس اہلکاروں نے شہادت پائی، جن کا تعلق کراچی رینج سے تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت زیرعلاج افسران اور اہلکاروں کی تعداد 627 ہے، جبکہ 238 صحتیاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جارہا ہے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ پولیس کے مزید 36 افسران و اہلکار کورونا وائرس سے متاثر

سندھ پولیس کے ترجمان نے کہا کہ وائرس کے خلاف ہر اول دستے کے طور پر کام کرنے والے افسران اور جوان خدمت انسانیت کے لیے انتہائی پرعزم اور بلند حوصلہ ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے نہ صرف عام لوگ بلکہ فرنٹ لائن پر فرائض کی انجام دہی میں مصروف ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، پولیس کے لوگ بھی متاثر ہوئے ہیں جبکہ ان میں سے متعدد کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔

10 مئی کو یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ سندھ میں گزشتہ دو روز کے دوران پولیس کے افسران سمیت مزید 36 اہلکار میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد متاثرہ پولیس اہلکاروں کی تعداد 151 تک پہنچ گئی۔

9 مئی کو یہ رپورٹ بھی سامنے آئی تھی کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 33 پولیس اہلکار، ایک اسسٹنٹ کمشنر اور ایک ٹیچنگ ہسپتال کے پرنسپل میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ پولیس کا ایک اور افسر کورونا کا شکار ہو کر انتقال کرگیا

قبل ازیں 20 اپریل کو کراچی میں پولیس کے 15 اہلکاروں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے بعد اعلیٰ انتظامیہ نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو ان اہلکاروں کے ساتھیوں اور اہلخانہ کے افراد کے بھی ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 28 اپریل کو سندھ پولیس میں 6 انسپکٹرز سمیت 50 سے زائد پولیس اہلکاروں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔