پاکستان

صوبائی وزیر شہلا رضا بھی کورونا وائرس کا شکار

سندھ کی صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلارضا کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

سندھ کی صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلارضا کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی رپورٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی۔

انہوں نے عوام اور کارکنوں سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ باقی گھر والوں کی رپورٹس کا انتظار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی کورونا کا شکار

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد سیاستدان کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور اکثر سیاسی رہنما وائرس کا شکار ہو کر آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

گزشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے جبکہ اس سے قبل بھی سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی فرخ حبیب اور جے پرکاش لوہانا بھی وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

کورونا وائرس کی وبا آنے کے بعد سے پاکستان میں متعدد سیاستدان اس وائرس کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ چند کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔

کورونا کا شکار ہونے والے سیاستدان

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئیسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔

مزید پڑھیں: وزیر ریلوے شیخ رشید بھی کورونا وائرس میں مبتلا

اپریل میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جبکہ وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔

علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے دو بچوں کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی وائرس کا شکار ہو گئے تھے لیکن چند روز قبل یہ دونوں وائرس سے صحتیاب ہو گئے تھے۔

مئی میں قومی اسمبلی کے دو اراکین محبوب شاہ اور گل ظفر خان سمیت ایوان زیریں کے متعدد ملازمین میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطااللہ تارڑ کورونا وائرس کا شکار

21 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر انجینئر امیر مقام 24 مئی کو کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے اور انہوں نے خود کو قرنطینہ منتقل کرلیا تھا۔

بعدازاں 25 مئی کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی تھی۔

30 مئی کو وزیر مملکت برائے سیفران اور انسداد منشیات شہریار آفریدی نے عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی۔

3 جون کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے اراکین فیصل زیب خان اور صلاح الدین کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس کا شکار

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

2 جون کو صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما منیر خان اورکزئی حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر گئے تھے۔

منیر اورکزئی اپریل کے اواخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے جس پر انہیں 24 اپریل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کروایا گیا تھا جہاں سے صحتیاب ہونے کے بعد 7 مئی کو وہ ہسپتال سے ڈسچارج کردیے گئے تھے۔