پاکستان

طبیعت اب بہتر ہے، عوام کورونا کی بیماری کو سنجیدہ لیں، شیخ رشید کا ہسپتال سے پیغام

میرا کووڈ 19 کا علاج جاری ہے، ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق علاج کر رہے ہیں، وزیر ریلوے
|

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنی طبیعت سے متعلق ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ اب بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، جن کا چند روز قبل کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، انہیں گزشتہ شب طبیعت بگڑنے پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں ان کی حالت بہتر ہوگئی تھی۔

علاوہ ازیں وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملٹری ہسپتال راولپنڈی سے ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرا کووڈ 19 کا علاج جاری ہے، ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق علاج کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر ریلوے شیخ رشید بھی کورونا وائرس میں مبتلا

شیخ رشید احمد نے کہا کہ 'الحمداللہ رات کی نسبت وہ اب بہتر محسوس کر رہے ہیں'۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جو لوگ ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں وہ ان کے بہت شکر گزار ہیں۔

وزیر ریلوے نے عوام سے اپیل کی وہ کورونا کی بیماری کو سنجیدہ لیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گھروں میں رہیں۔

خیال رہے کہ 8 جون کو وزیر ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ابتدائی طور پر ترجمان وزارت ریلوے نے کہا تھا کہ شیخ رشید میں بظاہر کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر نے انہیں 2 ہفتے تک خود ساختہ قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد شیخ رشید آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

بعد ازاں شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی میں کورونا وائرس کی تشخیص

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 2 ہزار 600 سے زائد ہے، یہ وائرس نہ صرف عام لوگوں کو متاثر کررہا ہے بلکہ سیاست دان بھی اس کا شکار ہوئے ہیں۔

آج (14 جون) کی دوپہر تک ملک میں شیخ رشید سمیت دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

یہی نہیں بلکہ متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہونے کے علاوہ کچھ سیاست دان اس وبا کے باعث انتقال بھی کرچکے ہیں، جن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ ہیں۔

2 جون کو صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما منیر خان اورکزئی حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر گئے تھے۔

منیر اورکزئی اپریل کے اواخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے جس پر انہیں 24 اپریل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کروایا گیا تھا جہاں سے صحتیاب ہونے کے بعد 7 مئی کو وہ ہسپتال سے ڈسچارج کردیے گئے تھے۔

کورونا میں مبتلا مائیں نوزائیدہ بچوں کو دودھ پلاسکتی ہیں، عالمی ادارہ صحت

'پی ٹی اے بھی امریکی بلاگر سنتھیا رچی کے خلاف کارروائی نہیں کرسکتی'

کورونا وائرس سے جنوبی ایشیا کے لاکھوں لوگ غربت کا شکار