پاکستان

پاکستان کا 'غلط' نقشہ نشر کرنے پر پی ٹی وی کے 2 ملازمین برطرف

پی ٹی وی نیوز پر 6 جون کو غفلت کے مرتکب ہونے والے ملازمین کے خلاف انتظامیہ نے سخت کارروائی کی، سرکاری ٹی وی

پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے 'پاکستان کا غلط نقشہ نشریات میں شامل کرنے' پر 2 ملازمین کو برطرف کردیا جس میں مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ دکھایا گیا تھا۔

پی ٹی وی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ 'پی ٹی نیوز پر 6 جون کو پاکستانی نقشے کی غلط تصویر جاری کرنے پر تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات پر سخت کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی وی کی انتظامیہ نے پیشہ ورانہ کام میں غفلت کے مرتکب ہونے والے 2 ملازمین کو برطرف کردیا'۔

خیال رہے کہ واقعے کو 8 جون کو سینیٹ میں اٹھایا گیا تھا جس کے بعد چیئرمین صادق سنجرانی نے معاملہ قائمہ کمیٹی برئے اطلاعات و نشریات کو بھیج دیا تھا۔

قبل ازیں پی ٹی وی نے 7 جون کوایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ 'اس طرح کی غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ہے' اور یقین دلایا تھا کہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

پی ٹی وی میں پیش آنے والے اس واقعے کی سوشل میڈیا میں بازگشت ہوئی تھی جہاں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی تنقید کی تھی۔

مزید پڑھیں:بہتر مواد دکھانے کے تحت پی ٹی وی نیوز پر نئے پروگرامات کا آغاز

فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'شرم ناک ہے، ارشد خان دہائیوں سے پی ٹی وی کی سربراہی کر رہے ہیں، لگتا ہے کہ وہ بھول گئے ہیں کہ وہ چیئرمین اور ڈیفکٹو منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی ہیں'۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'شبلی فراز سے توقع ہے کہ وہ انہیں یہ سکھانے کے لیے تمام اقدامات کریں گے کہ پاکستان کے لیے کشمیر کا کیا مطلب ہے'۔

شیریں مزاری نے کہا تھا کہ 'یہ بالکل ناقابل قبول ہے لیکن غفلت کی وجہ سے ایسا ہوتا ہے کہ گوگل میں تلاش کیا اور بغیر جانچے استعمال کیا'۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 'بدقسمتی ہے یہاں پر نقشے کی اہمیت کم لوگ سمجھتے ہیں'۔

وزیر انسانی حقوق نے مزید کہا تھا کہ 'مجھے یقین ہے کہ شبلی فراز نہ صرف اس کا نوٹس لیں گے بلکہ پی ٹی وی پر اس طرح کی چیزوں کو ختم کردیں گے'۔

قبل ازیں پی ٹی وی نے اعلان کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے بعد پی ٹی وی نیوز نے یکم جون سے بہتر مواد کو نشر کرنے کے سلسلے میں متعدد نئے پروگراموں کا آغاز کردیا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید نئے پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

پی ٹی وی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیر اعٖظم کی جانب سے سرکاری نشریاتی ادارے کے مواد میں تجدید کی ہدایات کے بعد یکم جون سے 9 نئے پروگرامز اور ٹاک شوز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ سرکاری نشریاتی ادارے پر مواد کی تجدید کے پہلے مرحلے میں معروف صحافی اویس توحید کے پروگرام سمیت منیبا مزاری اور نادیہ مرزا جیسی اینکرز کے پروگرامز بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔

یکم جون سے پی ٹی وی نیوز پر جن نئے پروگراموں کو شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ان میں اویس توحید کا پروگرام 'شاہراہ دستور'، نادیہ مرزا کا پروگرام 'ایوان سے عوام تک'، امتیاز گل کا میزبان مشال بخاری کے ساتھ تجزیوں پر مبنی پروگرام 'نکتہ امتیاز'، پی ٹی وی کے معروف میزبان سید انوار الحسن کا پروگرام 'سچ کا ساتھ' اور مونا عالم کا پروگرام 'بدلتی رائے' شامل ہے۔

جرمنی نے مغربی کنارے کے انضمام کے منصوبے پر اسرائیل کو خبردار کردیا

ہراسانی کا الزام: یوسف رضا گیلانی نے سنتھیا رچی کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

چین، بھارت کے سرحد میں کشیدگی کم کرنے کیلئے مذاکرات