'ارطغرل غازی' کے خانہ بدوش سردار کی بیوی بھی پاکستان آنے کو تیار
وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اپریل کے اختتام سے نشر ہونے والے شہرہ آفاق ترک ڈرامے 'دیرلیش ارطغرل' میں خانہ بدوش قبیلے کے سردار کی بیوی کا کردار نبھانے والی اداکارہ بورجو کراتل نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
31 سالہ اداکارہ بورجو کراتل نے ڈرامے میں خانہ بندوش قبیلے کے جنگجو سردار کی جنگجو بیوی کا کردار ادا کیا ہے اور وہ ڈرامے کی ابتدائی 60 اقساط میں دکھائی دیں گی۔
ترک ڈرامے کو پی ٹی وی پر اردو ترجمے کے بعد 'ارطغرل غازی' کے نام سے نشر کیا جا رہا ہے اور اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کی بیوی حلیمہ' پاکستان آنے کے لیے بیتاب
ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے جہاں پاکستانی ڈراما ساز خلیل الرحمٰن قمر نے بھی اس جیسا اسلامی فتوحات پر مبنی ڈراما بنانے کا اعلان کیا ہے۔
وہیں 'ارطغرل غازی' کے پروڈیوسر نے بھی پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، علاوہ ازیں ڈرامے کی مقبولیت کے بعد ڈرامے کی تقریباً تمام بڑی کاسٹ نے پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی' خود بھی پاکستان آنے کے خواہاں
ڈرامے میں ارطغرل غازی کا کردار ادا کرنے والے اداکار سمیت ان کی اہلیہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
یہی نہیں بلکہ ڈرامے کے دیگر 4 اداکاروں نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور اب ڈرامے کی ایک اور اداکارہ بورجو کراتل نے بھی پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کردی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے انڈیپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بورجو کراتل نے بھی ڈرامے کی پاکستان میں مقبولیت پر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہیں پہلے ہی اندازا تھا کہ مذکورہ ڈراما تقریباً تمام دنیا میں پھیل جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: 'حلیمہ سلطان' کے بعد ارطغرل کے مزید 2 اداکار پاکستان آنے کیلئے تیار
بورجو کراتل نے اپنے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جنگجو قبیلے کے سردار کی جنگجو بیوی کا کردار ادا کرکے بہت اچھا لگا، ڈرامے میں ایک بہادر اور معصوم خاتون کے کردار سے ان میں خود اعتمادی کا احساس ہوا۔
اداکارہ نے ڈرامے میں اپنے کردار کو پسند کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی جلد سے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش مند ہیں، تاہم انہوں نے وضاحت نہیں کی کہ وہ کب تک پاکستان آ سکیں گی۔
اداکارہ نے اردو زبان میں پاکستانی مداحوں سے محبت کا اظہار بھی کیا۔
مزید پڑھیں: ’ارطغرل غازی‘ کی ’بانو چیچک‘ پاکستان آکر چائے پینے کی خواہاں
واضح رہے کہ اس ڈرامے کی کہانی 13 ویں صدی میں مسلمانوں کی فتوحات کے گرد گھومتی ہے، یہ فتوحات اسلامی بادشاہت سلطنت عثمانیہ کے قیام سے قبل کی ہیں تاہم ڈرامے کے آخری سیزن میں سلطنت عثمانیہ کی بنیادی کہانی کو بھی دکھایا گیا ہے۔
ارطغرل غازی کے مجموعی طور پر 5 سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں اور اس ڈرامے کے 179 تک اقساط ہیں، پاکستان میں ابھی ڈرامے کے پہلے سیزن کو اردو میں ترجمہ کرکے چلایا جا رہا ہے۔
پاکستان میں اس ڈرامے نے کافی مقبولیت حاصل کی اور اسے ابتدائی 20 دن میں ملک میں یوٹیوب پر 30 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’ارطغرل غازی‘ کے ’عبدالرحمٰن‘ بھی پاکستان آنے کے خواہاں
ڈرامے میں ارطغرل غازی کا مرکزی کردار انجین التان دوزیتان نے ادا کیا ہے اور انہوں نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
ڈرامے میں ان کی اہلیہ حلیمہ سلطان کا کردار اداکارہ اسرا بیلگیج نے ادا کیا ہے اور وہ بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر چکی ہیں۔
ڈرامے کے دو معروف اداکاروں دوآن بے (روشان) کا کردار ادا کرنے والے جاوید چتین گونر اور اصلحان خاتون کا کردار ادا کرنے والی گلثوم علی نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
ارطغرل غازی میں عبدالرحمٰن الپ کے جنگجو سپاہی کا کردار ادا کرنے والے اداکار سیلال ال بھی پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔
مزید یہ کہ ڈرامے میں بانو چیچک کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ایزگی ایسما کرکلو بھی پاکستان آنے کا اعلان کر چکی ہیں اور اب جنگجو قبیلے کے سردار کی بیوی کا کردار نبھانے والی اداکارہ برجو کراتل نے بھی پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کردی۔