عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو گزشتہ روز اس وقت دنیا بھر کے طبی ماہرین کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب یہ بیان جاری کیا گیا کہ کووڈ 19 کے ایسے مریض، جن میں کووڈ 19 کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں، وہ بہت کم اس وائرس کو آگے پھیلاتے ہیں۔
گزشتہ روز معمول کی پریس بریفننگ کے دوران ڈبلیو ایچ او کی عہدیدار اور وبائی امراض کی ماہر ماریہ وان کرکوف نے کہا تھا 'ایسا نظر آتا ہے کہ بغیر علامات والے مریض نہ ہونے کے برابر اس وائرس کو آگے منتقل کرتے ہیں، ہمارے پاس ایسے ممالک کی متعدد رپورٹس ہیں جن کی جانب سے کانٹیکٹ ٹریسنگ پر بہت تفصیلی کام کیا گیا ہے، انہوں نے ایسے مریضوں کے کیسز کا تعاقب کیا، ان کے جاننے والوں کی جانچ پڑتال کی اور وہ وائرس کی منتقلی کو دریافت نہیں کرسکے، ایسا نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے'۔