لائف اسٹائل

جب عمران خان کرکٹ کھیلتے تھے تب سے ان کی دیوانی ہوں، امریکی گلوکارہ

گلوکارہ نے اسلام آباد کے چڑیا گھر میں قید واحد ہاتھی کی آزادی پر وزیر اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

امریکی گلوکارہ، اداکارہ اور جانوروں کے حقوق کی کارکن 74 سالہ چیر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ سابق پاکستانی کرکٹر اور وزیر اعظم عمران خان کی اس وقت سے مداح ہیں جب وہ کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔

گلوکارہ و اداکارہ چیر نے حال ہی میں اپنی ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے اسلام آباد کے چڑیا گھر میں تین دہائیوں سے قید کاوون نامی ہاتھی کی آزادی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

کاوون نامی ہاتھی اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں قید تھیں اور وہ وہاں پر واحد ہاتھی تھیں، انہیں تین دہائیوں سے اس کی گنجائش سے کم پنجرے اور حصے میں قید رکھا گیا تھا۔

کاوون ہاتھی کو سری لنکا نے 1985 میں تحفے کے طور پر پاکستان کو دیا تھا اور اس وقت اس کی عمر محض ایک سال تھی۔

کاوون کو اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں رکھا گیا تھا اور انہیں چھوٹے جنگلے اور انتہائی محدود جگہ میں قید کردیا گیا تھا، جس وجہ سے ماہرین نے اس ہاتھی کی ذہنی و جسمانی صحت پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

کاوون ہاتھی کے ساتھی کو بھی سری لنکا سے 1995 میں پاکستان منتقل کیا گیا تھا مگر وہ ہاتھی 2012 میں ہلاک ہوگیا تھا، جس کے بعد انسانی حقوق کے رہنماؤں نے کاوون کی رہائی کے لیے جدوجہد شروع کی تھی۔

اور 2 سال تک کیس کی سماعتوں کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ ماہ 21 مئی کو ہاتھی کو آزاد کرنے اور واپس سری لنکا بھیجنے یا کسی فلاحی تنظیم کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے چڑیا گھر میں قید ہاتھی کی رہائی پر امریکی گلوکارہ چیر خوش

کاوون کی آزادی کے عدالتی فیصلے پر گلوکارہ چیر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس وقت بھی پاکستانی حکومت، عدالتوں اور جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا تھا۔

تاہم اب انہوں نے ایک بار پھر وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی تعریف میں ٹوئٹ کی اور یہ بھی انکشاف کر ڈالا کہ وہ کئی دہائیوں سے عمران خان کی مداح ہیں۔

چیر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ عمران خان کی اس وقت سے مداح ہیں جب وہ کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔

مزید پڑھیں: نایاب ہاتھی کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ

گلوکارہ نے وزیر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ہمیشہ سے یہی سوچتی تھیں کہ عمران خان مہربان انسان ہیں۔

ساتھ ہی گلوکارہ و اداکارہ نے کاوون کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

علاہ ازیں کاوون ہاتھی کی آزادی پر گلوکارہ چیر نے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین اور زرتاج گل کا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ دینے پر ان کی تعریف بھی کی۔

مرد، خواتین ووٹرز کے فرق کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ

اقتصادی رابطہ کمیٹی کی اسٹیل ملز کے 9 ہزار 350 ملازمین فارغ کرنے کی منظوری

پیٹرول کی قیمت میں کمی سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی لازمی کم ہونی چاہئیں، وزیراعظم