کھیل

وقار کا آفریدی اور گمبھیر سے آن لائن جنگ ختم کرنے کا مطالبہ

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر کی مسئلہ کشمیر کے تنازع پر کئی مرتبہ ٹوئٹر پر لفظی جھڑپیں ہو چکی ہیں۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلنگ کوچ وقار یونس نے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر سے سوشل میڈیا پر جاری جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

میدان میں ایک دوسرے کے بڑے حریف سمجھے جانے والے گمبھیر اور شاہد آفریدی کی مسئلہ کشمیر کے تنازع پر کئی مرتبہ ٹوئٹر پر لفظی جھڑپیں ہو چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: عمر اکمل کی اپیل کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ کے سابق جج کا تقرر

گوتم گمبھیر اس وقت بھارتی پارلیمنٹ کے رکن ہیں جبکہ شاہد آفریدی اپنی فاؤنڈیشن اور فلاحی کام کامیابی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔

ایک آن لائن شو میں وقار یونس نے دونوں سابق کرکٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی اور گمبھیر کے درمیان آن لائن لفظی جھڑپیں کئی عرصے سے جاری ہیں، ان دونوں کو عقلمندی اور تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

باؤلنگ کوچ نے کہا کہ یہ بہت عرصے سے جاری ہے، میرا ان دونوں کو مشورہ ہے کہ دنیا میں کہیں ملیں اور اگر یہ سب بند نہیں کر سکتے تو بیٹھ کر بات کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا رواں برس ایک اور ہوم سیریز کا منصوبہ

بھارت اور پاکستان کے درمیان آخری سیریز 2013-2012 میں کھیلی گئی تھی اور دونوں ملکوں کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے سبب 2007 کے بعد سے اب تک کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی گئی۔

وقار یونس نے کہا کہ کرکٹ سیریز سے دونوں حریف ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں اور میرے خیال میں یہ دنیا کی سب سے کامیاب سیریز ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستان اور بھارت کو ضرور کھیلنا چاہیے اور دونوں ملکوں کو مستقل بنیادوں پر کھیلتے ہوئے شائقین کو کرکٹ سے محروم نہیں رکھنا چاہیے۔