کھیل

عمر اکمل کی اپیل کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ کے سابق جج کا تقرر

جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے جو سماعت کی تاریخ کا اعلان کریں گے، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز عمر اکمل کی جانب سے 3 سالہ پابندی کے خلاف کی گئی اپیل کی سماعت کے لیے سپریم کورٹ کے سابق جج کو مقرر کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر کو عمر اکمل کی اپیل سننے کے لیے آزاد جج مقرر کیا گیا ہے'۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 'آزاد جج سماعت کی تاریخ مقرر کریں گے جس کی تصدیق کے بعد پی سی بی اعلان کردے گا'۔

مزید پڑھیں:عمر اکمل نے 3 سالہ پابندی کے خلاف اپیل دائر کردی

خیال رہے کہ پی سی بی نے عمراکمل پر اینٹی کرپشن کوڈ کی دو مختلف مواقع پر خلاف ورزی کرنے پر تین سال کی پابندی عائد کردی تھی۔

پی سی بی نے عمر اکمل کے خلاف یہ فیصلہ 27 اپریل کو سنایا تھا جس کی سماعت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں چیئرمین ڈسپلنری پینل جسٹس ریٹائرڈ فضلِ میراں چوہان کی سربراہی میں ہوئی تھی۔

عمر اکمل سماعت کے دوران پینل کے سامنے خود پیش ہوئے تھے جبکہ پی سی بی کی نمائندگی قانونی مشیر تفصل رضوی نے کی تھی۔

چیئرمین ڈسپلنری پینل جسٹس ریٹائرڈ فضلِ میراں چوہان نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ عمر اکمل پر 3 سال کے لیے ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کے آغاز سے قبل معطل کیے گئے عمر اکمل کو بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی 2 مرتبہ خلاف ورزی پر چارج کیا گیا تھا۔

عمر اکمل پر الزام تھا کہ انہوں نے فکسنگ کے حوالے سے رسائی کیے جانے پر قوانین کے تحت بورڈ کو اس بارے میں مطلع نہیں کیا اور بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی: عمر اکمل پر 3 سال کی پابندی عائد

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی پی سی بی لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ آصف محمود کا کہنا تھا کہ کرپشن چارجز کے سبب ایک بین الاقوامی کرکٹر پر 3 سال کی پابندی پر پی سی بی کو کوئی خوشی نہیں ہو رہی مگر یہ ان سب افراد کے لیے ایک بروقت یاد دہانی ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کر کے بچ سکتے ہیں۔

لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ آصف محمود کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن یونٹ باقاعدگی سے ہر سطح پر ایجوکیشن سمینارز اور ریفریشر کورسز کا اہتمام کرتا ہے تاکہ تمام کرکٹرز کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جائے، تاہم پھر بھی اگر کچھ کرکٹرز قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کریں گے تو پھر اس کا نتیجہ یہی نکلے گا۔

عمر اکمل نے اس فیصلے کے خلاف اپیل رواں ماہ ہی دائر کی تھی اور قانون کے مطابق پی سی بی کو 15 دن کے اندر عمر اکمل کی اپیل پر سماعت کے لیے پینل تشکیل دینا تھا۔

مصر: جزیرہ سینا میں فوج کی جنگجوؤں سے جھڑپ، 24 ہلاک

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش اور بوندا باندی، بجلی غائب

افواہیں حقیقت میں تبدیل، شہروز سبزواری اور صدف کنول ایک ہوگئے