پاکستان

طیارہ حادثے میں 20 گھر، 24 گاڑیاں تباہ ہوئیں، سروے رپورٹ

جس کی بھی گاڑی، موٹر سائیکل یا گھر کا نقصان ہوا ہے اسے فوری طور پر معاوضہ ادا کیا جائے گا، گورنر سندھ

کراچی: 22 مئی کو ماڈل کالونی کے علاقے جناح گارڈن میں ہونے والے طیارہ حادثے سے نقصانات کے حوالے سے شہری انتظامیہ کی جانب سے جاری حتمی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے سے 18 گھر جزوی طور پر اور 2 مکمل طور پر تباہ ہوئے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے حادثے سے ہونے والے مالی نقصانات کا پورا ازالہ کرنے کی ذمہ داری اٹھالی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی تشکیل کردہ ایک کمیٹی نے اپنا سروے مکمل کیا اور رپورٹ پیش کی جس میں تجویز دی گئی کہ اس حادثے میں 120 مربع گز کے دو مکانات کو مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے جبکہ اس واقعے میں دیگر 18 مکانات کے ڈھانچے کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔

ایک ذرائع نے اس رپورٹ کی تفصیلات کے حوالے سے بتایا کہ ’حادثے کی زد میں آنے والی گلی میں کل 20 مکانات ہیں جن میں سے دو مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں اور زمین بوس ہو گئے ہیں اور انہیں تعمیر نو کی ضرورت ہے جبکہ دیگر 18 مکانات کو بھی نقصان پہنچا اور زیادہ تر کیسز میں مکانات کے بالائی حصوں کو نقصان پہنچا جہاں ان کے کنکریٹ کے ڈھانچے کو طیارے نے نشانہ بنایا تاہم خوش قسمتی سے ان کے ڈھانچے زیادہ تر برقرار تھے‘۔

مزید پڑھیں: طیارہ حادثے میں معجزانہ طور پر بچ جانے والے مسافر کی روداد

انہوں نے کہا کہ دیگر نقصانات میں طیارے کے حادثے کے باعث ہونے والی آتشزدگی کا شکار بننے والے ملبے کی وجہ سے کل 10 کاریں اور 14 موٹر سائیکل متاثر ہوئیں اور وہ تمام تقریباً تباہ ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ گاڑیاں گلی میں یا گھروں کے اندر کھڑی تھیں جس کی تفصیلات کو ٹیم نے رپورٹ مرتب کرتے ہوئے مدنظر رکھا ہے۔

وفاق نقصانات کا ازالہ کرے گا

دریں اثنا گورنر سندھ عمران اسمعیٰل نے اعلان کیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے حکام کو واضح احکامات دیے ہیں کہ ماڈل کالونی میں تمام متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم کی جانب سے واضح احکامات ہیں کہ ہر گھر اور خاندان کو جس کو اس حادثے سے مالی نقصان پوا ہے اس کو وفاقی حکومت کی جانب سے معاوضہ ادا کیا جائے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جس کی بھی گاڑی، موٹر سائیکل یا گھر کا نقصان ہوا ہے اسے فوری طور پر معاوضہ ادا کیا جائے گا، وزیر اعظم نے سول ایوی ایشن، پی آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو اپنا کام مکمل اور جلد از جل کرنے کی ہدایت کی، ان اہلخانہ کے زخموں کو بھرنے کے لیے ہر کوئی انتھک محنت کر رہا ہے‘۔

سندھ حکومت کی تعاون کی یقین دہانی

سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ اور صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے طیارہ حادثہ کے شہدا اور عید کے روز کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے گھر جاکر ان کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔

یہ بھی پڑھیں: طیارہ حادثہ: ایئربس کے ماہرین کا تحقیقات کیلئے جائے وقوع کا دورہ

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ان کے اس غم میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے حادثے میں جلنے والے افراد سے کراچی کے ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال میں ملاقات اور انہیں سندھ حکومت کی جانب سے ایک لاکھ روپے بھی فراہم کیے۔

انہوں نے زخمی افراد سے بھی ملاقات کی اور انہیں سندھ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت زخمیوں کے علاج کے تمام اخراجات اٹھا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام شہدا کی لاشوں کو ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

قصور میں ٹرین کی کار کو ٹکر، 2 نوبیاہتا جوڑے ہلاک

معروف بھارتی اداکارہ نے خودکشی کرلی

کراچی میں تباہ ہونے والے طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر تاحال نہیں مل سکا