طیارہ حادثے کا شکار زارا عابد کی پہلی مختصر فلم ریلیز
کراچی میں 22 مئی کو حادثے کا شکار ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 میں جاں بحق ہونے والی معروف ماڈل زارا عابد کی پہلی شارٹ فلم یوٹیوب پر ریلیز ہوگئی۔
’سکہ‘ نامی اس فلم کی ہدایات احمد صارم نے دی، یہ فلم زارا عابد کی زندگی کی پہلی اور آخری فلم ثابت ہوئی۔
اداکارہ صبا قمر نے اس فلم میں کہانی بیان کی جس میں زارا کو دو ایسی خواتین کے روپ میں دکھایا جو بالکل الگ زندگی گزار رہی ہیں تاہم ان کی خواہشات ایک سی ہیں۔
مزید پڑھیں: طیارہ حادثے کے شکار افراد میں ماڈل زارا عابد بھی شامل
فلم میں سکے کے دو پہلو دکھائے گئے ہیں۔
ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ہدایت کار احمد صارم کا کہنا تھا کہ ’میں نے گزشتہ سال اس فلم کی کہانی تحریر کی، اس وقت میری عمر 16 برس کی تھی اور میں صحافت سے فلم سازی کی جانب کیریئر موڑنا چاہتا تھا، اس وقت میں نے زارا سے رابطہ کیا جنہوں نے اس فلم میں کام کرنے کی حامی دی‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں اس سے قبل انہیں نہیں جانتا تھا، لیکن انہوں نے اسکرپٹ پڑھ کر اس میں کام کرنے کا فیصلہ کیا، خود ہی زارا اور کھادی برانڈز سے اپنے ملبوسات کا انتظام کیا اور اسلام آباد سے کراچی اس فلم کی شوٹنگ کے لیے پہنچ گئیں‘۔
احمد صارم کے مطابق ’میں دراصل اپنا یوٹیوب چینل شروع کرنا چاہ رہا تھا جب نوجوان فلم ساز اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کرنے کے لیے یہاں اپنا کام ریلیز کررہے تھے‘۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ کے قریب پی آئی اے کا مسافر طیارہ آبادی پر گر کر تباہ،97 افراد جاں بحق
احمد صارم کے یوٹیوب چینل کا نام ’قصہ نگری‘ ہے اور اس چینل کی پہلی ویڈیو ’سکہ‘ ہے جس میں زارا عابد نے کام کیا۔
یاد رہے کہ کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 99 افراد سوار تھے اور محکمہ صحت سندھ کے حکام نے بتایا تھا کہ 2 مسافر زبیر اور ظفر مسعود حادثے میں بچ گئے، جبکہ 97 کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی تھی۔
زارا عابد پاکستان فیشن انڈسٹری میں تیزی سے اوپر کی جانب جارہی تھی اور رواں سال انہوں نے ہم اسٹائل ایوارڈز میں بہترین فیمیل ماڈل کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔
انہوں نے انڈسٹری کے لگ بھگ معروف ڈیزائنرز کے ساتھ کام کیا اور کیرئیر کا آغاز ثنا سفیناز کے ساتھ کیا جبکہ بہت جلد عظیم سجاد کی فلم چوہدری سے بڑی اسکرین پر بھی ڈیبیو کرنے والی تھیں۔