پاکستان

خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری بھی کورونا وائرس سے متاثر

ڈاکٹر کاظم نیاز کورونا وائرس کے خلاف برسرپیکار ہیں، ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
| |

خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور ان نے بیٹے افضال میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

چیف سیکریٹری ڈاکٹر کاظم میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔

ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایک بیان میں کاظم نیاز کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری شبانہ روز کورونا وائرس کے خلاف برسرپیکار ہیں، ان کی انتھک محنت اور کاوش قابل ستائش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں اور ان کی شاندار خدمات کے لیے ان کو اور ان کے افسران کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: کورونا وبا: پاکستان میں 56 ہزار سے زائد متاثرین، اموات 1164 ہوگئیں

اپنے پیغام میں محمود خان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں ڈاکٹر کاظم اور دیگر حکام کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ چیف سیکریٹری کووڈ 19 کے حوالے سے کام میں صوبے میں کافی متحرک تھے اور وہ ہسپتالوں، آئیسولیشن سینٹرز اور لیبارٹریز کا دورہ کرتے تھے۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 56 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد ساڑھے 1100 سے تجاوز کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر کاظم نیاز اکتوبر 2019 میں خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری مقرر ہوئے تھے۔

اس سے قبل وہ گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔

خیال رہے کہ وہ پہلے سرکاری ملازم نہیں جو اس وائرس سے متاثر ہوئے بلکہ اس سے قبل بھی ملک بھی میں مختلف سیاستدان اور عہدیدار متاثر ہوچکے ہیں۔

گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر انجینئر امیر مقام کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔

23 مئی کو وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک اور وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راشد حفیظ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

21 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں عطاللہ تارڑ نے بتایا تھا کہ 'میرا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا لہٰذا میں ان تمام لوگوں سے بھی ٹیسٹ کرانے اور احتیاط کی درخواست کرتا ہوں جنہوں نے گزشتہ چند روز میں مجھ سے ملاقات کی تھی۔'

اس سے قبل 20 مئی کو پنجاب کی پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس سے متاثر ہوکر لاہور کے میو ہسپتال میں انتقال کرگئی تھیں۔

اسی روز بلوچستان کے سابق گورنر سید فضل آغا بھی کورونا وائرس کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی رکنِ اسمبلی کورونا وائرس سے جاں بحق

قبل ازیں مئی کے وسط میں بلوچستان کے وزیر خزانہ ظہور بلیدی میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ خود قرنطینہ میں چلے گئے تھے۔

دریں اثنا اپریل میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جبکہ وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ گزشتہ ماہ کے آخر میں ہی متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔

کورونا وبا: پاکستان میں 57 ہزار سے زائد کیسز، اموات 1180 ہوگئیں

'ارطغرل غازی' کی جانب سے پاکستانیوں کو اردو میں عید کی مبارکباد

چین کا مجوزہ قانون: تائیوان کا ہانگ کانگ کے لوگوں کو 'ضروری مدد' فراہم کرنے کا اعلان