دنیا

ایران کا رمضان کے بعد تمام مذہبی مقامات کھولنے کا اعلان

جن لوگوں میں وائرس کی تشخیص ہورہی ہے انہیں بہتر طبی انتظامات کی وجہ سے ہسپتالوں میں کم وقت گزارنا پڑ رہا ہے، ایرانی صدر

ایران کی حکومت نے کورونا وائرس کے سیکڑوں نئے کیسز سامنے آنے کے باوجود عیدالفطر کے بعد تمام مذہبی مقامات کھولنے کا اعلان کردیا۔

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق ایران کی قومی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صدر حسن روحانی نے بھی شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حسن روحانی نے کہا کہ 'رمضان کے بعد ملک میں تمام مذہبی مقامات کھول دیے جائیں گے، تاہم اس کے لیے کچھ احتیاطی تدابیر بھی ہوں گی جن کا وقت آنے پر اعلان کیا جائے گا۔'

انہوں نے ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں کمی لانے کے لیے اقدامات کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے زہر کھانے سے اموات 700 تک پہنچ گئیں

حسن روحانی نے کہا کہ جن لوگوں میں وائرس کی تشخیص ہورہی ہے انہیں بہتر طبی انتظامات کی وجہ سے ہسپتالوں میں کم وقت گزارنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی روک تھام میں یہ کامیابی عوام کے تعاون اور انتظامیہ کے بروقت اور بہتر اقدامات کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایران کے حکام صحت وائرس کے دوبارہ پھیلنے اور تیزی سے کیسز سامنے آنے کے خطرات ظاہر کر رہے ہیں جس کے لیے مناسب آگہی مہم اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب ایران میں کورونا کے 2 ہزار 300 سے زائد نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر صحت کے بعد ایرانی نائب صدر بھی کورونا وائرس کا شکار

ایرانی وزیر صحت کے بیان مطابق ایران میں چوبیس گھنٹے کے دوران 66 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد مجموعی اموات 7 ہزار 249 ہوگئیں۔

واضح رہے کہ ایرانی حکومت رمضان کے بعد ان علاقوں میں اسپورٹس ایریناز اور یونیورسٹیاں بھی کھولنے پر غور کر رہی ہے جو کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہوئے ہیں۔

ملک کے کئی خطوں میں کورونا کے باعث عائد کی گئیں پابندیوں میں نرمی کے بعد گزشتے ہفتے ہی دکانیں، بازار اور شاپنگ سینٹرز کھولنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔