پاکستان

مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطااللہ تارڑ کورونا وائرس کا شکار

ان تمام لوگوں سے بھی ٹیسٹ کرانےکی درخواست کرتا ہوں جنہوں نے گزشتہ چند روز میں مجھ سے ملاقات کی تھی، لیگی رہنما

مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں عطاللہ تارڑ نے کہا کہ 'میرا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے لہٰذا میں ان تمام لوگوں سے بھی ٹیسٹ کرانے اور احتیاط کی درخواست کرتا ہوں جنہوں نے گزشتہ چند روز میں مجھ سے ملاقات کی تھی۔'

یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل بلوچستان کے وزیر خزانہ ظہور بلیدی کورونا وائرس کا شکار ہو کر قرنطینہ میں چلے گئے تھے۔

بلوچستان کے وزیر خزانہ میں وائرس کی کچھ علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد انہوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کورونا سے صحتیاب

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان میں متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہو چکی ہیں۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔

اپریل میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جبکہ وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ گزشتہ ماہ کے آخر میں ہی متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔

تین ہفتے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے دو بچوں کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی وائرس کا شکار ہو گئے تھے لیکن چند روز قبل یہ دونوں وائرس سے صحتیاب ہو گئے تھے۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی کے دو اراکین اور متعدد ملازمین کورونا وائرس کا شکار

گزشتہ دنوں قومی اسمبلی کے دو اراکین محبوب شاہ اور گل ظفر خان سمیت ایوان زیریں کے متعدد ملازمین میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

علاوہ ازیں رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی گدھے اور مالک کے گلے ملنے کی ویڈیو وائرل

میئر اسلام آباد کی معطلی کا حکم کالعدم، عدالت نے کام کی اجازت دے دی

چینی بحران رپورٹ: 'جہانگیر ترین، مونس الہٰی،شہباز شریف فیملی کی ملز نے ہیر پھیر کی'