دنیا

افغانستان: پیدا ہوتے ہی 2 گولیوں کا نشانہ بننے کے باوجود بچ جانے والی بچی

گزشتہ ہفتے افغانستان کے دارالحکومت کے ہسپتال میں دہشت گردوں نے حملہ کرکے ماؤں اور بچوں کو قتل کردیا تھا۔

رواں ماہ 12 مئی کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے تحت چلنے والے سرکاری ہسپتال کے زچگی وارڈ پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے نوزائیدہ بچوں اور ماؤں کو قتل کردیا تھا۔

دہشت گردوں کے حملے میں کم از کم 2 شیر خوار بچے بھی چل بسے تھے جب کہ مجموعی طور پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے نوزائیدہ ماؤں سمیت مجموعی طور پر 24 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

شیر خوار بچوں اور ماؤں کے قتل کے واقعے نے نہ صرف افغانستان بلکہ پوری دنیا کے حساس دل لوگوں کو غمزدہ کردیا تھا۔

تاہم اسی حملے میں دہشت گردوں کی گولیوں سے زخمی ہونے والی ایک ایسی بچی محفوظ رہیں جنہیں ایک نہیں 2 گولیاں لگی تھیں۔

برطانوی اخبار دی ٹائمز کے مطابق کابل کے ہسپتال کے زچگی وارڈ پر دہشت گردوں کے حملے میں تین گھنٹے قبل پیدا ہونے والی بچی ٹانگ پر 2 گولیاں لگنے کے باوجود محفوظ رہیں۔

رپورٹ کے مطابق حملے سے تین گھنٹے قبل دنیا میں آنے والی بچی کو ایک ہی ٹانگ میں دو گولیاں لگی تھیں اور ڈاکٹرز سمیت تمام عملے کو خدشہ تھا کہ بچی کی زندگی نہیں بچ پائے گی، تاہم بچی بلکل محفوظ رہیں۔

بدقسمتی سے دہشت گردوں کے حملے میں بچی کو جنم دینے والی ان کی ماں نازیہ چل بسیں اور بچی کے والد نے اپنی بیٹی پر اپنی اہلیہ کا نام رکھ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: میٹرنٹی ہوم اور جنازے میں حملوں سے 37 افراد ہلاک

بچی کو زخمی ہونے کے بعد کابل کے اندرا گاندھی ہسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز نے ان کا آپریشن کیا تھا اور آپریشن کے چند گھنٹے بعد ہی بچی نے ٹانگ کو ہلانا شروع کردیا تھا۔

ماہرین کے مطابق وہ حیران ہیں کہ اتنی کم عمر بچی کس طرح گولیوں سے بچ گئیں اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوزائیدہ بچی بڑی عمر کے افراد کے مقابلے جلد صحت یاب ہوجائیں گی۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق جس وقت دہشت گرد زچگی وارڈ میں فائرنگ کر رہے تھے عین اسی وقت ایک خاتون نے بچے کو جنم دیا۔

رپورٹ میں ہسپتال کی خاتون نرس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جس وقت زچگی کلینک کے ایک وارڈ میں فائرنگ چل رہی تھی، عین اسی وقت ایک خاتون نے دوسرے وارڈ میں بچے کو جنم دیا اور اس دوران خاتون کو خاموش رہنے کی ہدایت کی گئی تھی اور وہ درد کے باوجود نہیں چلائیں اور نہ ہی روئیں۔

نرس نے بتایا کہ بچے کو جنم دینے کے بعد ماں نے اپنے ہاں پیدا ہونے والے بچے کو رونے سے چپ کرانے کے لیے اس کے منہ میں انگلی ڈال دی اور خود بھی خاموشی سے درد اور تکلیف برداشت کرتی رہیں اور ایک گھنٹے بعد حالات معمول پر ائے تو خاتون کو دوسری طبی امداد دی گئی۔

حملے میں یتیم ہوجانے والے شیر خوار بچوں کو دودھ پلانے والی افغان خواتین

افغانستان: 'زچگی وارڈ پر حملہ کرنے والے ماؤں اور بچوں کو ہی مارنے آئے تھے‘

افغانستان میں داعش جنوبی ایشیا کے سربراہ سمیت 3 خطرناک دہشت گرد گرفتار