پاکستان

جب تک عثمان بزدار کے ساتھ عمران خان ہیں، کسی کارکردگی کی ضرورت نہیں، شیخ رشید

اسلام آباد میں کارکردگی بہت اچھی ہے جہاں تبدیلی ہونی تھی وہاں وزارت اطلاعات میں ہوگئی ہے، وزیر ریلوے

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ جب تک وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ وزیراعظم عمران خان ہیں، انہیں کسی کارکردگی کی ضرورت نہیں ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا 31 مئی تک ٹرینوں کے موجودہ انتظامات جاری رہیں گے جبکہ کل لاہور میں ریلوے کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں مزید فیصلے کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے علاوہ ٹرینوں سمیت تمام ٹرانسپورٹ بھی معطل کردی گئی تھی چنانچہ تقریباً 2 ماہ بعد آج سے ملک میں ٹرین آپریشن محدود طور پر بحال کیا گیا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ 24 گھنٹے قبل آن لائن بکنگ بند کرنا غلطی تھی، عوام کی اکثریت کو آن لائن ٹکٹ خریدنے کا طریقہ کار معلوم نہیں تاہم عید کے بعد آن لائن کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی ٹکٹس کی فروخت بحال کردی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: 20 مئی سے 31 مئی تک 30 ٹرینیں چلیں گی، شیخ رشید

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریلوے کا خسارہ بہت بڑا لیکن یہ حکومت کا ادارہ ہے جسے عوام کو سہولت پہنچانی ہے، عوام سے کاروبار نہیں کرنا ان کی خدمت کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ہمارا سخت نقصان ہورہا ہے لیکن اللہ نے چاہا تو سب ٹھیک ہوجائے گا کیوں کہ حکومت کا کام حکومت نے کرنا ہے دکاندار کی طرح نفع دیکھنا نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ کوئی صوبہ ٹرینیں کھولنے کے لیے تیار نہیں تھا ہم نے بڑی مشکل سے ٹرینیں بحال کروائی ہیں جس میں وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی شامل ہے جس کی بدولت آج ٹرینیں چل رہی ہے۔

اے سی ٹرین کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وائرس سے اے سی سے نہیں پھیلتا ورنہ بیروِنِ ملک سے 14، 14 گھنٹوں کا سفر طے کر کے آنے والی پروازوں میں اے سی بند ہوتا ہے کیا۔

مزید پڑھیں: ایس او پیز پر عمل نہیں ہوا تو شیخ رشید کو استعفیٰ دینا ہوگا، حکومت سندھ

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹرینوں میں سماجی فاصلہ یقینی بنانے کے ساتھ ماسکس دستانے اور سینیٹائزرز رکھے ہیں اور جو چاہے وہ ادائیگی کر کے اے سی میں سفر کرے ورنہ اکانومی میں بھی سفر کر سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آن لائن ٹکٹس پر بہت سے لوگوں کو اعتراض ہے لیکن آج پہلا دن ہے کل میٹنگ میں اس کا فیصلہ کریں گے۔

حکومت کی کارکردگی اور تبدیلی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کارکردگی بہت اچھی ہے جہاں تبدیلی ہونی تھی وہاں وزارت اطلاعات میں ہوگئی ہے اور جب تک وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ عمران خان ہیں کارکردگی ہی کارکردگی ہے، کسی کارکردگی کی ضرورت نہیں ہے۔

ایک مرتبہ پھر انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ 31 جولائی تک مزید کئی تحقیقات ہوں گی، شہباز شریف کو معلوم ہے کہ وہ واچ لسٹ میں ہیں اور کسی بھی وقت ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں آجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: خدشہ ہے کہیں محکمہ ریلوے دیوالیہ نہ ہوجائے، شیخ رشید

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ وزارت توانائی کی کمیٹی نے آئی پی پیز سے متعلق ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو مذاکرات کرے گی اور اس کی سربراہی بابر یعقوب کریں گے۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ چینی والے، آئی پی پیز والے آٹا بحران والے سب عوام کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔

قتل کیس: عمران فاروق کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ, پوسٹ مارٹم رپورٹ بطور شواہد پیش

سینٹرل کنٹریکٹ میں اے یا بی کیٹیگری میرے لیے مسئلہ نہیں، سرفراز احمد

کہیں آپ بھی غلط 'ارطغرل غازی' تو ڈاؤن لوڈ نہیں کر رہے؟