یورپ میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی، تاریخی مقامات کھول دیے گئے
یورپ میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کے ساتھ ہی اٹلی میں ریسٹورنٹس اور گرجا گھر بھی کھول دیے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد جہاں 47 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے وہیں چند حصوں میں حکومتیں بڑے معاشی نقصانات کو کم کرنے کے لیے پابندیوں میں نرمی لارہی ہیں۔
تاہم عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ بغیر ویکسین کے اتنی جلدی لاک ڈاؤن ختم کرنے سے وائرس کی دوسری لہر پھیل سکتی ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے رواں ہفتے اس بحران سے نمٹنے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنے کے لیے اجلاس طلب کیا ہے۔
کچھ عرصے قبل دنیا میں وائرس سے سب سے بری طرح متاثر ہونے والے ملک اٹلی میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں جہاں کاروبار اور گرجا گھروں کو دو ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد دوبارہ کھلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان میں متاثرین کی تعداد 42 ہزار 227، اموات 899 ہوگئیں
پوپ فرانس نے اتوار کے روز آن لائن دعا میں کہا کہ ’میں ان برادری کی خوشیوں میں شریک ہوں جو بالآخر اکٹھے ہوسکتے ہیں، یہ معاشرے کے لیے امید کی کرن ہے‘۔