وزیر اعظم ہاؤس کے 4 ملازمین بھی کورونا وائرس کا شکار
وزیر اعظم ہاؤس کے عملے کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جس کے 4 اراکین کے ٹیسٹ مثبت آنے کا انکشاف ہوا ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے عملے کے اراکین کے معمول کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4 ملازمین کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آگیا
ذرائع نے بتایا کہ عملے کے جن اراکین کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں انہیں قرنطینہ کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں تمام ہدایات اور ایس او پیز پر عمل کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم کے عملے کے ٹیسٹ معمول کے مطابق کیے گئے اور وزیراعظم آفس اور تمام دوسرے اہم دفاتر کے عملے کا باقاعدہ چیک اَپ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جن کو پہلے ہی قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کورونا سے صحتیاب
شہباز گل نے واضح کیا کہ جن ملازمین کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں سے کوئی بھی براہ راست کسی بھی اہم شخصیت کے ساتھ منسلک یا رابطے میں نہیں تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم عمران خان کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو منفی آیا تھا۔
وزیر اعظم نے ملک کی بڑی فلاحی تنظیم کے سربراہ فیصل ایدھی سے ملاقات کی تھی اور فیصل کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیر اعظم کا ٹیسٹ کرانے کی تجویز دی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ سندھ کے بہنوئی کورونا وائرس سے جاں بحق
اس سے قبل ملک کی اہم شخصیات اور قومی و صوبائی اسمبلی کے ملازمین اور اراکین بھی بڑی تعداد میں کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے دو بچوں کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے تاہم حال ہی میں دونوں نے ٹیسٹ منفی آنے پر وائرس سے صحتیابی کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل وزیر تعلیم سندھ سعید غنی میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کے بہنوئی سید مہدی شاہ کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وبا: سندھ میں متاثرین 15 ہزار سے زائد، ملک میں مجموعی کیسز 39 ہزار 729 ہوگئے
خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ متاثرہ افراد اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
وائرس کے سبب اب تک پاکستان میں تقریباً 40 ہزار افراد متاثر اور 866 ہلاک ہو چکے ہیں۔