لائف اسٹائل

ڈراما 'ارطغرل غازی' میں محمد عامر کو کوہلی نظر آگئے

محمد عامر بھی ترک ڈرامے کے سحر میں مبتلا ہو گئے ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے ویرات کوہلی کو مخاطب کر کے یہ سوال کیا۔

ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' نے پاکستان میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ پاش پاش کردیے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔

پاکستان میں مشہور شخصیات سمیت ہر عام و خاص اس ڈرامے کے سحر میں مبتلا ہے اور اسی وجہ سے ہمیں سوشل میڈیا پر اس حوالے سے دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'دیریلیش ارطغرل' ڈراما خاص کیوں ہے؟

اسی طرح کی ایک دلچسپ صورتحال اس وقت نظر آئی جب قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ڈرامے کے کردار کو دیکھ کر انہیں بھارتی ٹیم کا کپتان ویرات کوہلی ہی سمجھ لیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عامر نے ڈرامے کے ایک کردار کی تصویر پوسٹ کر کے پوچھا کہ 'ویرات کوہلی کیا یہ آپ ہیں، میں کافی پریشان ہوں۔'

یہ معاملہ صرف یہی نہیں رکا بلکہ صارفین نے اسی ڈرامے ایک اور کردار کے اسکرین شاٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ تیسرے سیزن میں آپ کو عثمان شنواری بھی نظر آئیں گے۔

یہ مماثلت بھی کچھ غلط معلوم نہیں ہوتی کیونکہ مذکورہ کردار کی تصویر بھی قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر عثمان شنواری سے کافی ملتی ہے۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن کے سبب کھیلوں کی سرگرمیاں بند ہیں اور ایسے میں عوام کی طرح کرکٹرز و کھیلوں کی دیگر شخصیات بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر متحرک نظر آتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شان کے بعد ریما بھی ’ارطغرل غازی‘ کے پاکستان میں دکھائے جانے پر ناخوش

لاک ڈاؤن کے دوران دنیا بھر میں اسٹریمنگ، آئن لائن ویب سیریز سمیت ڈراموں و فلموں کے ناظرین کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان میں اس سے قبل لاتعداد ترک ڈراموں کو اردو ڈبنگ کےساتھ نشر کیا جا چکا ہے لیکن جو مقبولیت ارطغرل غازی کو ملی، اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

’ارطغرل غازی‘ کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی کہانی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: ’میرے پاس تم ہو‘ نے جو ریکارڈ 9 ماہ میں بنایا، ’ارطغرل‘ نے 3 ہفتوں میں توڑ دیا

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

یہ ڈراما پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کا ریمیک نہیں، ایک تاریخی ڈراما بنارہے ہیں، ہمایوں سعید

یہ ڈراما پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔

اس ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

بنگلہ دیش کیلئے کورونا ریلیف فنڈ: مشفق کا 'بلا' آفریدی نے خرید لیا

’کورونا کے بعد آنے والی بڑی تبدیلی کو ہم نے زبردست نقصان پہنچا دیا‘

'ایک مالدار بوڑھا شخص آخر کیوں پڑوسی کے چوکیدار کو مارنا چاہے گا؟'