مشکل وقت میں جو کام امریکا نے کیا، آج پاکستان بھی وہی کررہا ہے؟
ان کاموں کو ملک کے کم از کم 20 اہم شہروں میں انجام دیا جائے گا جس کے ذریعے سیکڑوں ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ونسٹن چرچل کا قول ہے کہ 'ایک اچھے بحران کو کبھی ضائع نہ ہونے دیں'۔
کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ دنیا تیار نہیں تھی، لیکن اب جبکہ یہ وبائی مرض پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے ایسے میں اس سے نمٹنے کے انداز میں چند روشن پہلوؤں کا امکان نظر آنے لگا ہے۔
جب لاک ڈاؤن نے انسانوں کو اپنے گھروں تک محدود رہنے پر مجبور کردیا تو فطرت نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پوری تیزی اور بھرپور توانائی کے ساتھ اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنا شروع کردیا ہے، اس کے ساتھ فطرت ہمیں اس بات کا بھی شدید احساس دلا رہی ہے کہ ہم جس ایکو سسٹم یا ماحولیاتی نظام میں سانس لے رہے ہیں اسے تباہی کا کس قدر بڑا خطرہ خود ہم انسانوں سے لاحق ہے۔
موجودہ آفاتی صورتحال سے 2 بڑے ہی دلچسپ اسباق اخذ کیے جاسکتے ہیں۔
- پہلا یہ کہ فطرت اپنی خرابیاں ٹھیک کرنے کی فطری ازلی صلاحیت رکھتی ہے بشرطیکہ اسے وقت اور جگہ میسر ہو، اور
- دوسرا یہ کہ قدرت کے ساتھ تجدیدی اور پائیدار توازن قائم کرنے کی نہ صرف ضرورت ہے بلکہ یہ سیاسی عزم اور اجتماعی عمل سے ممکن بھی ہے۔