دنیا

روس: وائرس سے متاثرہ مریضوں کے ہسپتال میں آتشزدگی کا دوسرا واقعہ، 5 ہلاک

سینٹ پیٹرزبرگ میں واقع ہسپتال کی چھٹی منزل پر آگ بھڑک اٹھی جس سے 5 افراد ہلاک ہوگئے، حکام

روس میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے ایک اور ہسپتال میں آتشزدگی سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سینٹ پیٹرزبرگ میں واقع ہسپتال کی چھٹی منزل پر آگ بھڑک اٹھی اور پوری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

مزید پڑھیں: روس: وائرس سے متاثرہ مریضوں کے ہسپتال میں آگ لگنے سے ایک شخص ہلاک

وزارت ایمرجنسی کے مطابق ہسپتال میں اس وقت 150 افراد موجود تھے جنہیں وہاں سے نکال لیا گیا۔

واضح رہے کہ محض دو روز قبل ہی ماسکو میں واقع ہسپتال میں آگ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔

مذکورہ آتشزدگی کا واقعہ بھی وائرس سے متاثرہ مریضوں کے وارڈ میں پیش آیا تھا۔

تازہ واقعے سے متعلق حکام نے بتایا کہ 4 مریضوں کی موت انتہائی نگہداشت وارڈ میں ہوئی۔

شہر کے وبرگ ڈسٹرکٹ اٹارنی پاویل ڈینیلوف نے بتایا کہ پانچویں شخص کی موت کی وجہ کے بارے میں واضح طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی کوریا کے ہسپتال میں آگ لگنے سے 41 افراد ہلاک

ہسپتال میں زیر علاج پینشنرسویتلانا اسٹیپانوفا نے کہا کہ آتشزدگی کی وجہ سے سب حیران ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہسپتال میں آتشزدگی ایک خوفناک خواب ہے‘۔

سینٹ پیٹرزبرگ کے گورنر الیگزنڈر بیگلوف نے ابتدائی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شارٹ سرکٹ کو آگ لگنے کا سبب سمجھا جارہا ہے۔

ان کے دفتر نے ایک جاری بیان میں کہا کہ ’وینٹیلیٹر میں آگ لگی تھی‘۔

دوسری جانب روس میں تحقیقاتی کمیٹی نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز ماسکو کے علاقے میں ایک ریٹائرمنٹ ہوم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 'زمین 600 برسوں میں آگ کا گولہ بن جائے گی'

بعد ازاں 2 مزید افراد ہسپتال میں دم توڑ گئے تھے، حکام نے منگل کے روز بتایا کہ مجموعی طور پر اموات کی تعداد 11 ہوگئی۔

واضح رہے کہ روس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے میں 10 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 32 ہزار 243 ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں روس، امریکا، اسپین اور برطانیہ دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ممالک ہیں۔

'آصف علی زرداری کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے'

ارطغرل کا ڈراما دکھانے سے پاکستان مدینہ کی ریاست نہیں بنے گا، مشتاق احمد

113 سالہ خاتون کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب