لائف اسٹائل

عدنان صدیقی کا پہلے سرفراز سے براہ راست مذاق، پھر معذرت

اداکار اور معروف کرکٹر ٹی وی شو میں ایک ساتھ شریک ہوئے تھے، جہاں لائیو پروگرام میں عدنان نے نامناسب مذاق کیا تھا۔

معروف اداکار عدنان صدیقی نے میزبان فہد مصطفیٰ کے ٹی وی پروگرام جیتو پاکستان لیگ میں کرکٹر اور سابق کپتان سرفراز احمد کا مذاق اڑانے پر معافی مانگ لی۔

عدنان صدیقی نے اے آر وائے ڈیجیٹل کے معروف گیم شو جیتو پاکستان لیگ میں ایک سیگمنٹ کے دوران سرفراز احمد کے بولنے کے انداز پر لائیو مذاق کیا تھا۔

سرفراز احمد کے مخصوص انداز گفتگو پر اداکار عدنان صدیقی نے لائیو شو کے دوران ان کی نقل اتاری تھی، جس پر کئی لوگ ہنس پڑے جب کہ سرفراز احمد کچھ مایوس دکھائی دیے۔

مذکورہ پروگرام میں مذاق کرنے کے بعد اگلے روز جب اسی پروگرام کا آغاز ہوا تو عدنان صدیقی نے سرفراز احمد سے لائیو پروگرام میں معذرت کی اور اپنے رویے پر ان کے اہل خانہ سمیت کرکٹر کے مداحوں سے بھی معذرت کی۔

یہ بھی پڑھیں: عرفان خان اور سری دیوی کی موت پر عدنان صدیقی کے سامنے 'نامناسب مذاق'

عدنان صدیقی نے قومی کرکٹر ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کرکٹر اور ان کے اہل خانہ کا دل دکھانا نہیں تھا تاہم اب وہ اپنے رویے پر سرفراز احمد، ان کے اہل خانہ اور ان کے دوستوں سے معذرت خواہ ہیں۔

اداکار کی جانب سے معافی مانگے جانے پر سرفراز احمد نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عدنان صدیقی کا مذاق برا نہیں لگا تاہم اسی دوران اینکر فہد مصطفیٰ نے ایک بار پھر سرفراز احمد کا مذاق اڑایا۔

عدنان صدیقی کی جانب سے معافی مانگے جانے کے وقت اینکر فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ عدنان صدیقی ان کے بڑے ہیں اور اگر وہ انہیں لائیو پروگرام میں تھپڑ بھی ماریں گے تو وہ برا نہیں منائیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنی طرف سے کہہ دیا کہ سرفراز احمد نے برا نہیں منایا اور اگر کوئی ایسی بات ہے تو پھر سے وہی والا مذاق کرتے ہیں اور پھر فہد مصطفیٰ نے ایک بار پھر سرفراز احمد کے بولنے کے انداز کی کاپی کرتے ہوئے ان کا مذاق اڑایا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عدنان صدیقی کو کسی ٹی وی پروگرام میں پیش آنے والے واقعے پر معافی مانگنی پڑی، حال ہی میں انہوں نے اینکر عامر لیاقت کے پروگرام میں بھی شرکت کی تھی، جہاں پر میزبان نے عدنان صدیقی کے سامنے انتہائی نامناسب مذاق کیا تھا، عامر لیاقت کو نامناسب مذاق کرنے پر بہت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ عدنان صدیقی پر بھی کچھ تنقید ہوئی جس پر دونوں افراد نے بعد ازاں معافی مانگ لی تھی۔

مزید پڑھیں: سری دیوی اور عرفان کی موت پر مذاق پر عدنان صدیقی اور عامر لیاقت کی معافی

عدنان صدیقی 2 مئی کو عامر لیاقت کے پروگرام میں شریک ہوئے تو میزبان عامر لیاقت نے اداکار کو کہا کہ انہوں نے بھارتی اداکار عرفان خان اور سری دیوی کے ساتھ کام کیا تو دونوں کی موت ہوگئی اور وہ جس بھارتی اداکار کے ساتھ کام کرتے ہیں، ان کی موت ہوجاتی ہے۔

عامر لیاقت نے مزید کہا تھا کہ عدنان صدیقی کو رانی مکھرجی اور بپاشا باسو کے ساتھ بھی کام کرنے کی پیش کش ہوئی مگر انہوں نے مسترد کی تو وہ آج اداکار کے ساتھ کام نہ کرنے کی وجہ سے زندہ ہیں۔

عامر لیاقت کے اسی مذاق پر اگرچہ عدنان صدیقی نے کہا تھا کہ انہیں عرفان خان اور سری دیوی کی موت کا افسوس ہے۔

ان کے اسی پروگرام پر سوشل میڈیا پر خوب تنقید کی گئی تھی جس کے بعد عدنان صدیقی نے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں عامر لیاقت کے پروگرام کا حصہ بننے پر افسوس ہے۔

عامر لیاقت نے بھی ایک ویڈیو کے ذریعے اپنے مذاق پر معافی مانگی تھی۔

جیدی کے نام سے معروف مصنف و مزاح نگار اطہر شاہ خان انتقال کرگئے

ہمایوں ایسے ہی محنت کرتے رہے تو شاید کبھی اداکاری سیکھ جائیں گے، نعمان اعجاز

نعمان اعجاز کے ’مذاق‘ پر ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کا ناراضی کا اظہار