اسلام آباد میں لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک کی توسیع
اسلام آباد انتظامیہ نے لاک ڈاؤن میں کچھ حد تک نرمی کرتے ہوئے اس میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹفکیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں تعمیراتی شعبے میں اسٹیل، پلاسٹک پائپ، الیکٹرونک آلات، پینٹس کی صنعت کے علاوہ سینٹری ورکس اور ہارڈ ویئر کی دکانیں کھولی گئیں۔
نوٹفکیشن میں چھوٹی مارکیٹس میں کام کرنے کے معیاری طریقہ کار پر عمل در آمد کے ساتھ دکانیں کھولنے کی اجازت دی گئی اور کہا گیا کہ دکانیں ہفتے کے پانچ دن کھولنے کی اجازت ہو گی۔
انتظامیہ نے پارکس ، ٹریل، پولو کلب، ٹینس کورٹ کو بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے کھولنے کی اجازت دی۔
نوٹفکیشن میں کہا گیا کہ ٹائر پنکچر شاپس، ڈرائیور ہوٹل، پٹرول پمپ اور ریسٹورنٹ چوبیس گھنٹے کھولے جا سکتے ہیں.
تاہم انتظامیہ نے شہر کے تمام بڑے تجارتی مراکز بشمول روات، بہارکہو اور ترنول میں بھی بڑی مارکیٹس بند رکھنے کا حکم دیا۔
اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی ادارے، شاپنگ مال، بڑے ریسٹورنٹ اور ہوٹلز، شادی ہال اور سینما گھر سیلون اور نائی کی دکانیں بند رکھنے کی ہدایت کی گئی جبکہ پارکس میں بھی پلے ایریاز بند ہوں گے۔
نوٹفکیشن میں کہا گیا کہ ٹائیگر فورس اور رضا کاروں کو ایس او پیز کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہو گی۔