پاکستان

ماؤں سے محبت کے اظہار اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا عالمی دن

دنیا کے مختلف ممالک میں مدرز ڈے مختلف دنوں میں منایا جاتا ہے تاہم زیادہ ممالک میں یہ دن مئی کےدوسرے ہفتے منایا جاتا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا کے درجنوں ممالک میں ہر سال مئی کے دوسرے ہفتے ماؤں کا عالمی دن منایا جاتا ہے اور اس بار یہ 10 مئی کو منایا جا رہا ہے۔

مدرز ڈے کا کوئی ایک دن یا تاریخ مقرر نہیں ہے، درجنوں ممالک اس دن کو دوسرے مہینوں میں بھی مناتے ہیں، یہ دن جنوری، فروری اپریل اور مئی سمیت کچھ ممالک میں دسمبر میں بھی منایا جاتا ہے تاہم زیادہ ممالک میں اس دن کو مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے۔

اس دن کو کسی عالمی ادارے کے تحت نہیں منایا جاتا بلکہ تمام ممالک کی حکومتوں نے اس دن کو منانے کا اعلان کیا جب کہ عالمی فلاحی تنظیموں سمیت تمام ممالک کی مقامی مذہبی و فلاحی تنظیموں نے بھی اس دن کو منانے کی حمایت کی۔

عالمی طور پر منائے جانے والے دنوں میں سے یہ واحد دن ہے جو سال کے 12 میں سے تقریبا 8 مہینوں میں مختلف دنوں میں دنیا کے مختلف ممالک اور خطوں میں منایا جاتا ہے، عام طور پر کسی بھی عالمی دن کو دنیا بھر میں ایک ہی دن منایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ماؤں کا عالمی دن

مدرز ڈے یعنی ماؤں کے دن منانے کا آغاز 106 سال قبل امریکی خاتون اینا ہاروس کی کوششوں سے ہوا، وہ چاہتی تھیں کہ والدہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس دن کو ایک مقدس دن کے طور پر سمجھا اور منایا جائے۔

اینا ہاروس کی کوششوں کے نتیجے میں 8 مئی 1914 کو امریکا کے اس وقت کے صدر ووڈرو ولسن نے مئی کے دوسرے اتوار کو سرکاری طورپر ماؤں کا دن قرار دیا اور پھر گزرتے وقت کے ساتھ دیگر ممالک نے بھی ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس دن کو منانے کا اعلان کیا۔

مدرز ڈے کے موقع پر دنیا بھر میں اہم شخصیات اپنی ماؤں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرتے ہیں جب کہ کئی شخصیات انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی قربانیوں کا اعتراف بھی کرتے ہیں۔

اس سال ایک ایسے موقع پر پاکستان سمیت کئی ممالک میں مدرز ڈے منایا جا رہا ہے جب کہ دنیا بھر کی مائیں ایک بار پھر کورونا وائرس کی وبا کے باعث اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے فکرمند و کوشاں ہیں۔

وبا کے ان دنوں میں دنیا بھر میں ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے بچے ان کی خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کر رہے ہیں۔

سماجی روابط کی ویب سائٹس پر اس دن کی مناسبت سے ماں تجھے سلام کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے جبکہ مدرز ڈے اور ہیپی مدر ڈے کے ہیش ٹیگز بھی ٹرینڈ کررہے ہیں۔

دنیا بھر کے اکثر ممالک کی طرح پاکستان میں سیاسی، سماجی، شوبز، کھیل سے وابستہ شخصیات نے ’ مدرز ڈے ‘ کے موقع پر اپنی والدہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماؤں سے محبت کے اظہار کا عالمی دن

سوشل میڈیا پر زیادہ تر افراد نے ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ یہ مائیں ہی ہیں جنہوں نے دنیا میں آنے والی آفتوں اور بیماریوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تاکہ ان کے بچے محفوظ اور صحت مند رہیں۔

ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر کرکٹر بابر اعظم نے اپنی والدہ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کا ذکر کیا اور بتایا کہ انہوں نے جب زندگی میں پہلی بار بلا خریدا تو وہ انہوں نے اپنی والدہ کے دیے ہوئے پیسوں سے خریدا۔

انہوں نے بتایا کہ والدہ نے انہیں اپنی بچت میں سے 1500 روپے دیے تاکہ وہ اپنا بلا خرید کر سکیں۔

معروف اداکارہ و میزبان ثمینہ پیرزادہ نے بھی مدرز ڈے کے موقع پر اپنی والدہ کو خراج تحسین پیش کیا اور ساتھ ہی انہوں نے ماؤں کو معجزاتی ورکر بھی قرار دیا۔

اداکارہ عائزہ خان نے بھی مدرز ڈے کے موقع پر انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی بیٹی کے ساتھ تصاویر شیئر کیں اور جہاں انہوں نے اپنی والدہ سے محبت کا اظہار کیا، وہیں انہوں نے خود والدہ ہونے پر بھی شکرانے ادا کیے۔

اداکارہ ایمن خان نے بھی مدرز ڈے کے موقع پر اپنی والدہ اور بہن کے ساتھ تصویر شیئر کی اور والدہ سے محبت کا اظہار کیا۔

سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی مدرز ڈے کے موقع پر اپنی والدہ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے بھی مدرز ڈے پر اپنی والدہ سے محبت کا اظہار کیا اور ان کی ایک ویڈیو شیئر کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ماؤں کے عالمی دن کو مقبوضہ کشمیر کی ماؤں کے ساتھ منسوب کرتے ہوئے ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک میں ثابت قدم رہتی ہیں ہم ان کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ کےماحولیاتی پروگرام کی جانب سے بھی ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ماؤں کے عالمی دن کی مبارک باد دی گئی۔

اس حوالے سے کیے گئے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ آج کے دن ہماری سانجھی ماں، زمین کو نہ بھولیں۔

ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ہمارے سیارے کی صحت زونوٹک(جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی) بیماریوں کے خلاف اہم کردار ادا کرتی ہے لہذا جتنا صحت مند سیارہ ہوگا اتنے صحت مند لوگ ہوں گے۔

مدرز ڈے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی ماؤں کو خراج تحسین پیش کیا اور ٹوئٹر پر خواتین و مرد کرکٹرز کی اپنی ماؤں کے ساتھ لی گئی تصاویر کو شیئر کیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنی مرحومہ والدہ کلثوم نواز کے نام لکھا کہ آپ کو ہم سے بچھڑے تقریباً 2 سال ہوگئے لیکن کوئی ایسا دن نہیں گزرا جب میں نے آپ کو یاد نہ کیا ہو۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے مزید کہاکہ آپ کی یادوں اور تعلیمات نے مجھے زندگی موڑ پر ساتھ لے کے کرچلیں، مجھے یہ سکھانے کا شکریہ کہ ڈرنا کبھی بھی آپشن نہیں ہوتا، میری زندگی کا ہر دن مدرز ڈے ہے۔

پاکستانی شخصیات سمیت دیگر ممالک کی شخصیات نے بھی اپنی ماؤں سے محبت کا اظہار کیا۔

ترکش ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن (ٹی آر ٹی) کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی ماؤں کے عالمی دن کی مناسبت سے خصوصی پیغام جاری کیا۔

اس حوالے سے صدارتی دفتر کے شعبہ مواصلات کے بیان کے مطابق ترک صدر نے پیغام میں کہا کہ آئندہ نسل کو پروان چڑھانے کی اہم ترین ذمہ داری ماؤں کے کاندھوں پر ہے، میں، قربانیوں اور بے مثال محبتوں کی مجسم مثال ماؤں کو مدر ڈے کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ماں ہم سب کے لیے ایک شفیق پناہ گاہ ہے،جنت ماؤں کے قدموں تلے ہے یہ ہمارا ایمان ہے اور مائیں ہمارے سر کا تاج ہیں۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہم ان کے حق کو کبھی بھی ادا نہیں کر سکتے، نوجوان نسل کے احساسات، افکار اور کردار کی تشکیل میں ماؤں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، مائیں اپنی بے لوث محبت اور صبر کی وجہ سے پورے معاشرے کے لیے ایک مثالی کردار ہیں۔

عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گھیبریسَس نے ماؤں کے عالمی دن کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی روزانہ 800 سے خواتین حمل اور زچگ سے متعلق وجوہات کے باعث زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب ختم ہونا چاہیے، ہر عورت بہتر علاج تک رسائی اور بچوں کی محفوظ پیدائش کا حق رکھتی ہے۔

بھارتی کرکٹر گوتم گنبھیر نے بھی اپنی والدہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے محبت کا اظہار کیا۔

یوراج سنگھ نے بھی ماؤں کے عالمی دن پر اپنی والدہ کو خراج تحسین پیش کرنے سمیت تمام ماؤں کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ماں بنی تو ماں کی قدر نہ کرنے کا پچھتاوا ستانے لگا

جیدی کے نام سے معروف مصنف و مزاح نگار اطہر شاہ خان انتقال کرگئے

نعمان اعجاز کے ’مذاق‘ پر ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کا ناراضی کا اظہار