کورونا کی وبا اور حاملہ خواتین کی بڑھتی پریشانی و مشکلات
ہمیں یاد رکھنا ہوگا کہ کورونا کے علاوہ بھی بہت سے ایسے دیگر امراض ہیں جن میں مریضوں کو فوری طبّی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔
اذیت اور تکلیف کے دریا سے گزر کر عمیرہ نے جب نوزائیدہ بیٹی کو سینے سے لگایا تو اس کی آنکھیں بھر آئیں اور اس نے خدا کا شکر ادا کیا لیکن ساتھ ہی فکرمندی کا نشتر سا اس کے دل میں چُبھا۔
اسے یاد آیا کہ درد و کرب کے یہ لمحے ابھی تھمے نہیں ہیں، ابھی انہیں مزید انتظار کی سولی پر لٹکنا تھا۔ وہ اپنے شوہر کے چہرے پر فکرمندی دیکھ رہی تھی۔ ڈاکٹروں نے ماں اور نوزائیدہ بچی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا اور انہیں نتائج آنے تک مزید 2 دن ہسپتال میں رہنا تھا۔