پاکستان

سندھ پولیس کے 115 اہلکار کورونا وائرس کا شکار

کورونا سے فرائض کی ادائیگی کے دوران 2 اہلکار جاں بحق بھی ہوئے،زیرعلاج افسران و اہلکاروں کی تعداد 97 ہے،ترجمان سندھ پولیس
|

سندھ پولیس کے کورونا وائرس سے متاثرہ افسران و اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 115 ہوگئی ہے۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق 'اب تک 115 افسران و اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 5 کیسز جمعہ کے روز ہی سامنے آئے'۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران فرائض کی ادائیگی کے دوران 2 اہلکار جاں بحق بھی ہوئے، مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج افسران و اہلکاروں کی تعداد 97 ہے جبکہ 15 اہلکار صحتیاب ہو کر گھر جاچکے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ زیر علاج ایک سب انسپکٹر کی حالت تشویشناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جارہا ہے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 15 پولیس اہلکار کورونا کا شکار، ڈی آئی جی کا محافظ بھی شامل

انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف ہر اول دستے کے طور پر کام کرنے والے افسران اور جوان خدمت انسانیت کے لیے انتہائی پرعزم اور بلند حوصلہ ہیں۔

واضح رہے کہ 20 اپریل کو کراچی میں پولیس کے 15 اہلکاروں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے بعد اعلیٰ انتظامیہ نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو ان اہلکاروں کے ساتھیوں اور اہلخانہ کے افراد کے بھی ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی تھی۔

پولیس عہدیداروں اور ذرائع نے کہا تھا کہ وائرس کا شکار ہونے والے اہلکاروں میں 2 انسپکٹرز اور 2 سب انسپکٹرز بھی شامل ہیں جبکہ دیگر مختلف علاقوں میں تعینات ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹییبلز ہیں۔

گزشتہ ماہ کے اوائل میں ڈان کو پولیس عہدیداران کے انٹرویوز کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے لیے تعینات ہزاروں پولیس اہلکار ذاتی حفاظت کے مناسب سامان (پی پی ایز) اور تربیت کے بغیر اس بحران کے مقابلے میں صف اول کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: کراچی میں ایک اور پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا

خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 ہزار 691 ہوچکی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبے میں 7 ہزار 575 ایکٹو مریض ہیں، ان میں 6 ہزار 421 گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، 687 حکومت کے آئسولیشن مراکز میں ہیں اور 527 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

لاک ڈاؤن کے دوران فرانسیسی لوگوں سے زیادہ پنیر کھانے کا مطالبہ

کورونا کے پھیلاؤ میں ووہان مارکیٹ کا کردار واضح ہے، عالمی ادارہ صحت

جسٹس قیوم کمیشن رپورٹ، کیا؟ کیوں؟ کیسے؟