کیا آپ جانتے ہیں عرفان خان بھی ایک عالمی وبا پر فلم کرنے جارہے تھے؟
بولی وڈ کے نامور اداکار عرفان خان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا ایک اہم حصہ تھے، جن کے انتقال کی خبر نے ان کے مداحوں اور دنیا بھر کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے اسٹارز کو اداس کردیا۔
عرفان خان کا انتقال 29 اپریل 2020 کو ممبئی میں ہوا، تاہم ان کے جنازے میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث زیادہ لوگ شرکت نہیں کرسکے۔
سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں نے اس حوالے سے بھی اپنے دکھ کا اظہار کیا جبکہ حال ہی میں بولی وڈ اداکار رندیپ ہوڈا نے ایک انٹرویو میں اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ عرفان خان کے جنازے میں کوئی ایک دوسرے کو گلے بھی نہیں لگا سکا۔
مزید پڑھیں: اپنے دور کا بہترین فنکار ’عرفان خان‘
عرفان خان کے کیریئر پر نظر ڈالیں تو اداکار نے بولی وڈ کے ساتھ ساتھ کئی کامیاب ہولی وڈ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ عرفان خان اپنے کیریئر میں ایک ایسی فلم میں بھی کام کرنے والے تھے جس کی کہانی ایک عالمی وبا پر مبنی تھی؟
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان ہدایت کار آنند گاندھی کی ایک فلم میں کام کرنے جارہے تھے جس کا نام ’ایمرجنس‘ تھا۔
اس فلم کی کہانی خواتین سائنسدانوں پر مبنی تھی جو ایک وبائی امراض کے خلاف جنگ لڑتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'عرفان سے ایک اختلاف ہے، اُس نے مجھے زندگی بھر کیلئے بگاڑ دیا‘
اس فلم کے حوالے سے ہدایتکار آنند گاندھی کا کہنا تھا کہ ’عرفان اور میں ایک مرتبہ اکٹھے پونے جارہے تھے، جس کے بعد ہماری کافی اچھی دوستی بھی ہوگئی، وہ میرے ساتھ ایمرجنس نامی فلم میں کام کرنے والے تھے، کاش میں نے ان کے ساتھ کسی پروجیکٹ میں کام کیا ہوتا‘۔
ہدایت کار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس فلم کے لیے انہوں نے وبائی امراض کے ماہر لیری بریلیئنٹ سے بھی رابطہ کرلیا تھا جو اس فلم ایگزیکٹو پروڈیوسر بننے جارہے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میری فلم کے اسکرپٹ میں وبائی امراض کے ساتھ سیاست اور دیگر کئی اہم موضوعات پیش کیے جانے تھے‘۔
یہ پروجیکٹ امریکی اسٹوڈیو کے ساتھ مل کر بنایا جارہا تھا۔
یاد رہے کہ عرفان خان آخری مرتبہ بولی وڈ فلم ’انگریزی میڈیم‘ میں کام کرتے نظر آئے تھے۔
عرفان خان نے اپنے کیریئر میں پیکو، ہندی میڈیم، بلو، پان سنگھ تومر، مقبول اور ناک آؤٹ جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔
عرفان خان کا انتقال 28 اپریل 2020 کی رات ہوا تھا، انہیں ممبئی کے ایک ہسپتال میں اس وقت داخل کروایا گیا جب ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار کو بڑی آنت کا انفیکشن ہوا تھا۔
عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈو کرائن کا مرض لاحق ہوگیا تھا اور وہ علاج کے لیے بھارت سے برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں: ’عدنان میں جلد ٹھیک ہوکر واپس آؤں گا‘
اس وقت عرفان خان نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ وہ گزشتہ کئی روز سے طبیعت میں خرابی محسوس کر رہے تھے اور انہیں ابتدائی طور پر معلوم ہوا تھا کہ وہ کسی خطرناک یا موذی مرض میں مبتلا ہیں۔
تاہم انہوں نے واضح کردیا تھا کہ ابھی مکمل طور پر اس بات کا علم نہیں ہوا تھا کہ انہیں کون سی بیماری لاحق ہے اور وہ کس اسٹیج پر پہنچ چکی ہے۔
2019 میں وہ صحتیاب ہوکر بھارت واپس آئے تھے اور اس کے بعد ان کی فلم ’انگریزی میڈیم‘ بھی ریلیز ہوئی تھی جو کامیاب ثابت ہوئی تھی۔
عرفان خان کا اپنے مداحوں کے لیے رواں سال فروری میں ٹوئٹر پر آخری پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'میں آج آپ کے ساتھ ہوں بھی اور نہیں بھی'۔