چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے سیکریٹری میں کورونا وائرس کی تصدیق
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے سیکریٹری اسد کھوکر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ سیکریٹری ٹو چیف جسٹس اسد کھوکھر نے 4 مئی کو سرکاری اور 6 مئی کو نجی لیبارٹریز سے لیب سے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے تھے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری لیب کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کورونا کی علامات ہیں جبکہ پرائیویٹ لیب کی رپورٹ میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی واضح نشاندہی کی گئی۔
چیف جسٹس کے سیکریٹری بخار کے باعث چند دنوں سے آفس نہیں آرہے تھے اور اب رپورٹ مثبت آنے کے بعد چیف جسٹس کے سیکرٹری کا دفتر سیل کر دیا گیا اور انہیں رضاکارانہ طور پر گھر میں علیحدگی اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ڈاکٹرز کی ٹیم 25 ٹیسٹنگ کٹس کے ساتھ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ڈسپنسری پہنچ گئی جہاں عدالت کے ملازمین کے مرحلہ وار کورونا ٹیسٹ کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔