پاکستان

بھارت میں پھنسے 193 پاکستانیوں کی باحفاظت وطن واپسی

بھارت میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کئی ہفتوں سے پھنسے پاکستانی اٹاری ۔ واہگہ بارڈر کے راستے واپس پہنچے۔

بھارت میں کورونا وائرس کے پیش نظر نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کئی ہفتوں سے پھنسے 193 پاکستانی آج اٹاری ۔ واہگہ بارڈر کے راستے واپس پاکستان پہنچ گئے۔

بھارت میں کئی ہفتوں سے جاری لاک ڈاؤن اور اٹاری ۔ واہگہ بارڈر بند ہونے کے سبب یہ پاکستانی شہری چھتیس گڑھ، گجرات، ہریانہ، مدھیا پردیش، مہاراشٹر، پنجاب، راجستھان، اتر پردیش اور مغربی بنگال سمیت مختلف ریاستوں میں پھنس گئے تھے۔

مزید پڑھیں: کورونا کے باعث بھارت میں پھنسے 41 پاکستانیوں کی وطن واپسی

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق یہ پاکستانی اپنے پیاروں سے ملنے، زیارت یا علاج معالجے سمیت مختلف وجوہات کے سبب بھارت گئے تھے۔

بیان میں بتایا گیا کہ پاکستانی ہائی کمیشن، دفتر خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے ان افراد کی جلد از جلد وطن واپسی کے لیے کوششیں کرتا رہا اور ہم اس دوران ان تمام افراد کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر ان کے شکر گزار ہیں۔

پاکستانی ہائی کمیشن نے لاک ڈاؤن کے باوجود ان تمام پاکستانیوں کو آگرہ، احمد آباد، بجنور، بھوپال، دہلی، گڑگاؤں، اندور، جے پور، کولکتہ، لدھیانہ، ممبئی، ناگپور اور رائے پور سمیت 25 شہروں سے اٹاری پہنچانے کے لیے بھی سفری سہولیات فراہم کیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت سے وطن واپس آنے والی 2 خواتین میں کورونا وائرس کی تشخیص

بیان کے مطابق 20 مارچ سے اب تک بھارت سے 243 پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے اور اس سلسلے میں معاونت پر بھارتی وزارت خارجہ کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔

پاکستانی ہائی کمیشن نے کہا کہ ہم بھارت میں پھنسے مزید پاکستانیوں کی بھی جلد از جلد وطن واپسی کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس چیلنجنگ وقت میں ہم سب کو کورونا وائرس کی وبا کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود بھارت میں پھنسے پاکستانیوں کی باحفاظت وطن واپسی ہماری اولین ترجیح ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا: برطانیہ میں ہلاکتیں اٹلی سے زیادہ، یورپ کا سب سے زیادہ اموات والا ملک بن گیا

واضح رہے کہ اس سے قبل 16 اپریل کو بھی کورونا وائرس کی وبا کے باعث بھارت میں پھنسے ہوئے 41 پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی ہوئی تھی اور وطن واپس آنے والی دو خواتین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

وینزویلا میں حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش ناکام، دو امریکی گرفتار

ایسا کاروبار جس میں نہ مال بنانے کی فکر نہ پہنچانے کی فکر

اٹلی میں دنیا کی 'پہلی کورونا وائرس ویکسین' تیار کرنے کا دعویٰ