معروف اداکار سہیل اصغر معدے کی سرجری کے لیے ہسپتال داخل
پاکستان کے نامور اداکار سہیل اصغر کو معدے کی تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کرادیا گیا جہاں آج ان کی سرجری ہوگی۔
اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو اس پوسٹ کے ذریعے مذکورہ سرجری سے آگاہ کیا جبکہ ہسپتال میں لی گئی اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی۔
فیس بک پر شیئر کردہ اس پوسٹ میں سہیل اصغر نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی بہتر صحت کے لیے دعا کریں۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ ’مداحوں، دوستوں اور فیملی کے افراد میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اللہ نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے اور مجھے معجزوں پر پورا یقین ہے، مجھے پیار اور دعاؤں کی طاقت پر پورا یقین ہے‘۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’مجھے آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے کیوں کہ جلد میرے معدے کی سرجری ہونے جارہی ہے، دعا کرے گا یہ سرجری کامیاب ہو اور میں جلد صحتیاب ہوجاؤں‘۔
مزید پڑھیں: پاکستان ٹیلی وژن کے یادگار ڈرامے
64 سالہ اداکار کی اس پوسٹ پر مداحوں نے کمنٹس میں ان کے لیے دعائیں بھی کیں جبکہ کئی نے ان کی خیریت دریافت کی۔
خیال رہے کہ سہیل اصغر کا شمار پاکستان کے کامیاب اور بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔
ان کی پیدائش لاہور میں ہوئی اور وہیں انہوں نے تعلیم مکمل کی، جس کے بعد وہ ریڈیو پاکستان کا حصہ بن گئے۔
1978 سے 1988 تک 10 سالوں کے لیے سہیل اصغر ریڈیو جوکی کے طور پر کام کرتے رہے جس کے بعد انہوں نے تھیٹر ڈراموں میں اداکاروں شروع کردی۔
یہ بھی پڑھیں: ہر دور کے مقبول ترین پاکستانی ڈرامے
وہ اپنے کیریئر میں ’لاگ‘، ’پیاس‘، ’چاند گرہن‘، ’کاجل گھر‘ جیسے ڈراموں میں کام کرچکے ہیں۔
انہوں نے 2003 میں فلم ’مراد‘ کے ساتھ سینما انڈسٹری میں ڈیبیو کیا۔
2004 میں ان کی ایک اور فلم ’ماہ نور‘ سامنے آئی اور اس میں بھی سہیل اصغر کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔
رواں سال احسن خان کو دیے ایک انٹرویو میں سہیل اصغر نے اپنی اداکاری کے حوالے سے بات بھی کی تھی۔