پاکستان

عمران خان، جسٹن ٹروڈو کا ٹیلیفونک رابطہ، وبا سے ابھرتی صورتحال پر تبادلہ خیال

دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی زندگیاں بچانے اور وائرس کو روکنے کے دہرے چیلنج کا سامنا ہے، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو بیک وقت 2 چلینجز کا سامنا ہے جس میں ایک عوام کو کووِڈ 19 وبا کے باعث بھوک سے محفوظ رکھنا اور دوسرا ملک کی معیشے کا پہیہ رواں رکھنا ہے۔

کینڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ٹیلیفونگ گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی زندگیاں بچانے اور وائرس کو روکنے کے دہرے چیلنج کا سامنا ہے اس کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی جاری رکھنا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے کووِڈ 19 سے پیدا ہونے والی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان، ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، وائرس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق عمران خان نے کینیڈا میں قیمتی انسانی جانوں پر تعزیت کرتے ہوئے اس بات کو اجاگر کیا کہ عالمی وبا ایک غیر مثالی صورتحال اور بین الاقوامی تعاون کی متقاضی ہے۔

وزیراعظم نے جی 20 گروپ کے قرضوں میں ریلیف کے منصوبے میں پاکستان کی شمولیت کی حمایت پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا۔

ترقی پذیر ممالک کے لیے زندگیاں بچانے اور سماجی و معاشی چیلنجز سے نمٹنے سے متعلق مربوط کارروائی کے لیے مالی گنجائش کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ کینیڈا ’قرضوں میں چھوٹ کے عالمی منصوبے‘ کے لیے حمایت کرے گا۔

دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ملکوں میں پھنسے ہوئے شہریوں کی واپسی کے حوالے سے بھی بات چیت کی اور دونوں اطراف فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا ترک صدرکو فون، کورونا سے مل کر لڑنے کا عزم

وزیراعظم عمران خان نے بھارت میں کووِڈ 19 کے تناظر میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنے کینیڈین ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا جہاں مواصلاتی روابط پر بندش اور طبی اور دیگر سہولیات تک رسائی کا فقدان کشمیری عوام کے لیے کووڈ 19 سے پیدا ہونے والی مشکلات میں اضافہ کررہا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے تمام معاملات پر قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا۔


یہ خبر 4 مئی 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

رشی کپور کے انتقال کے بعد اہلیہ نیتو کا پہلا پیغام سامنے آگیا

حکومتِ پنجاب نے فوج کی اراضی شہری حکام کو الاٹ کرنے کی منظوری دے دی

ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 21 ہزار سے زائد، اموات 486 ہوگئیں